محکمہ جات کے سکریٹریز کی کارکردگی کا جائزہ لینے چیف سکریٹری کو ریونت ریڈی کی ہدایت

   

Ferty9 Clinic

ہر 3 ماہ میں چیف منسٹر کی سطح پر جائزہ، محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ اجلاس، جوابدہی طے کرنے چیف منسٹر کا مشورہ
حیدرآباد 23 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے سرکاری محکمہ جات کے سکریٹریز کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ہر ماہ سکریٹریز اپنے محکمہ کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ چیف سکریٹری کو پیش کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر 3 ماہ میں ایک مرتبہ وہ خود سکریٹریز کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ چیف منسٹر نے آج سکریٹریٹ میں تمام محکمہ جات کے سکریٹریز کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے حکومت کی فلاحی اسکیمات پر مؤثر عمل آوری کے سلسلہ میں رہنمایانہ خطوط جاری کئے۔ چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ کے ہمراہ اجلاس میں چیف منسٹر نے بعض محکمہ جات کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عہدیداروں کو جوابدہی کا احساس پیدا کرنا چاہئے تاکہ سرکاری اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہونچ سکیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ عوامی حکومت کے 2 سال کی تکمیل کے دوران بعض اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور بعض اسکیمات کے لئے منصوبہ بندی کی گئی۔ سابق میں انرجی، ایجوکیشن، آبپاشی اور ہیلت جیسے محکمہ جات میں پالیسی کی کمی کے نتیجہ میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تمام اہم محکمہ جات کے لئے پالیسی تیار کی گئی ہے۔ ریاست کے لئے ایک جامع پالیسی کے تحت تلنگانہ رائزنگ 2047ء ویژن ڈاکومنٹ جاری کیا گیا۔ حکومت نے ریاست کو 3 زمرہ جات میں تقسیم کرتے ہوئے ترقی کا منصوبہ بنایا ہے۔ شہری، نیم شہری اور دیہی علاقوں پر مشتمل علیحدہ زون تشکیل دیئے گئے۔ چیف منسٹر نے کہاکہ کسی بھی اسکیم یا پروگرام کی کامیابی میں عہدیداروں کا رول اہمیت کا حامل ہے۔ ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری سے کہاکہ وہ ہر ماہ محکمہ جات کی کارکردگی اور خاص طور پر سکریٹریز کے کام کا جائزہ لیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ محکمہ جات اور عہدیداروں کے درمیان تال میل کے بغیر بہتر نتائج کی توقع نہیں کی جاسکتی۔ عہدیداروں کو اپنے طور پر نشانہ طے کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنانا ہوگا۔ چیف منسٹر نے کہاکہ تلنگانہ رائزنگ ویژن کی تکمیل کے لئے تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کے متحرک ہونے کی ضرورت ہے۔1