محکمہ رجسٹریشن کو مالیاتی سال کے پہلے دو ماہ میں ،2574.58 کروڑ کی آمدنی

   

اپریل اور مئی میں 3 لاکھ سے زائد دستاویزات کا رجسٹریشن
حیدرآباد۔ 19 جون (سیاست نیوز) گزشتہ مالیاتی سال کے بہ نسبت اس مرتبہ نئے مالیاتی سال کے پہلے دو ماہ کے دوران رجسٹریشن کی آمدنی میں اضافہ ہوا ہے۔ ساتھ ہی دستاویزات کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ مالیاتی سال کے شروعاتی دو ماہ میں 3.04 لاکھ دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا ہے جس سے 2,574.58 کروڑ روپئے کی سرکاری خزانہ کو آمدنی ہوئی ہے۔ گزشتہ سال 2024-25ء میں اپریل اور مئی کے دوران 2.74 لاکھ دستاویزات کی رجسٹریشن ہوئی تھی جس سے 2,194.53 کروڑ روپئے کی آمدنی ہوئی تھی۔ جاریہ سال زرعی اراضیات کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال اپریل میں 37,623 زرعی دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا تھا۔ اس سال اپریل میں اس کی تعداد بڑھ کر 42,543 ہوگئی ہے۔ گزشتہ سال ماہ اپریل میں غیرزرعی اراضیات سے متعلق 86,534 کی دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا تھا اور جاریہ سال اپریل میں 1,00,369 دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں سلاٹ بکنگ کا عمل دستیاب ہوجانے سے رجسٹریشن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پہلے مرحلے میں 22 سب رجسٹرار دفاتر میں 10 اپریل سے یکم جون تک سلاٹ بکنگ کے ذریعہ 30,592 دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا۔ دوسرے مرحلے میں 12 تا 25 مئی کے درمیان متذکرہ سب رجسٹرار دفاتر میں 14,099 دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا، اس کے بعد اراضیات کی مارکیٹ قیمت میں اضافہ کی قیاس آرائیوں کے بعد رجسٹریشن کی تعداد میں اضافہ ہوا۔2