حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے سبب ریاست کے بیشتر اضلاع میں شدید بارش کے پیش نظر محکمہ صحت کو چوکسی کی ہدایت دی ہے ۔ دامودر راج نرسمہا نے محکمہ صحت کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا اہتمام کیا اور بارش کے پیش نظر موسمی اور وبائی امراض کو روکنے کیلئے تمام تر احتیاطی اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ہاسپٹلس کے سپرنٹنڈنٹس، آر ایم او، میڈیکل آفیسرس ، ڈاکٹرس اور طبی عملہ کو آئندہ تین دنوں تک دستیاب رہنے کی ہدایت دی گئی۔ کسی بھی عہدیدار کی رخصت منظور نہیں کی جائے گی اور صورتحال کے بہتر ہونے تک عہدیداروں کو چوکس رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل پہنچنے والے مریضوں کے فوری علاج کو یقینی بنایا جائے۔ ایمبولنس سرویسز کو بھی تیار رکھا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈائرکٹر اور دیگر عہدیداروں کو 24 گھنٹے سرکاری دواخانوں کے حالات پر نظر رکھنی چاہئے ۔ 1
بارش کی صورت میں عام طور پر وبائی امراض میں اضافہ کا اندیشہ رہتا ہے۔ وزیر صحت نے سرکاری دواخانوں میں درکار طبی سہولتوں اور ادویات کی دستیاب کی ہدایت دی۔1