محکمہ مال میں بدعنوانیوں کی تحقیقات ‘ احکام جاری

   

Ferty9 Clinic

جلد ہی کارروائیوں کا آغاز ہوگا ۔ سبکدوش ملازمین کا بھی احاطہ
حیدرآباد۔13جولائی (سیاست نیوز) محکمہ مال میں بدعنوانیوں و بے قاعدگیوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کیلئے حکومت سے احکام جاری کردیئے گئے ہیں ۔ کہا جا رہاہے کہ جلد ہی تلنگانہ میں اراضیات کی معاملتوں اور محکمہ مال میں بے قاعدگیوں کی تحقیقات کیلئے احکامات پر عمل آوری کرکے ان عہدیداروں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا جو کہ بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں۔ ریاستی حکومت کی ہدایات میں وی آر او‘ تحصیلدار‘ آرڈی او‘ رجسٹرار کے علاوہ ان عہدیدارو ںاور ملازمین کے خلاف کاروائی کی جائے گی جن کے خلاف شکایات ملی ہیں یا الزامات کا سامنا ہے۔ وی آر او ‘ تحصیلدار کی بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں اور ان کی پردہ پوشی کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی کی جائیگی ۔ جو وظیفہ پر سبکدوش ہوچکے ہیں ان کے خلاف بھی کاروائی کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ جن ملازمین و عہدیداروں کے خلاف کاروائی کے احکام جاری کئے گئے ان میں کولورو ولیج کے وی آر او‘ ایس کروناکر ریڈی‘ نرسا پور آرڈی او‘ بی ارونا ریڈی ‘ رجسٹرار کریم نگرجی پرسننا‘ بی بی نگر تحصیلدار کے وینکٹ ریڈی کے علاوہ دیگر شامل ہیں۔تحقیقات و کارروائی کے احکامات کے ساتھ ہی محکمہ کے علاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے ۔ بدعنوانیوں میں ملوث عہدیداروں کی جانب سے اپنے بچاؤ کیلئے سرپرستی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔