محکمہ ٹرانسپورٹ اور آر ٹی سی کو نفع بخش بنانے کا عزم

   

روڈ سیفٹی پر کیلنڈر کا رسم اجراء ، وزیر بی اجے کمار کا خطاب
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : وزیر ٹرانسپورٹ تلنگانہ مسٹر بی اجے کمار نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن ( آر ٹی سی ) ان کے لیے دو آنکھوں کے برابر ہیں ۔ لہذا وہ ان دونوں یعنی محکمہ ٹرانسپورٹ اور ٹی ایس آر ٹی سی کی بہتر کارکردگی کی خواہش رکھتے ہیں اور دونوں کی کارکردگی میں مزید بہتری پیدا کرنے کے لیے موثر اقدامات کریں گے ۔ وزیر نے کہا کہ ٹی ایس آر ٹی سی ملازمین اپنی سخت محنت کے ذریعہ کام کر کے آر ٹی سی کو نفع بخش بنانے کی کوشش کریں اور آر ٹی سی ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے ریاستی حکومت ہمیشہ تیار رہے گی ۔ مسٹر پی اجے کمار آج خیریت آباد میں واقع ٹرانسپورٹ کمشنر آفس میں ٹرانسپورٹ عہدیداروں و ملازمین کی جانب سے روڈ سیفٹی پر مرتب کردہ سال نو 2020 کے کیلنڈر کی رسم اجراء انجام دیں ۔ اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداروں و ملازمین نے وزیر کو نوٹ بکس پیش کر کے سال نو کی مبارکباد پیش کی ۔ بعد ازاں وزیر کے ہاتھوں کیک کٹوایا گیا ۔۔