حیدرآباد۔ کورونا سے متاثرہ خاندانوں میں امداد کی تقسیم کیلئے محکمہ پولیس نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے۔ رچہ کنڈہ پولیس نے اپنی کفالت میں لئے گئے گاؤں کے علاوہ علاقہ کے 5 تانڈوں میں راشن و ادویات کی مفت تقسیم عمل میں لائی ۔ کمشنر پولیس مہیش بھگوت کی ہدایت پر چوٹ اپل اے سی پی مسٹر ستیا نے آج ایک ماہ کا راشن اور ادویات کو 25 خاندانوں میں تقسیم کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر پولیس چوٹ اپل مسٹر ستیا نے بتایا کہ راچہ کنڈہ ولیج اور آس پاس کے تانڈے میں راشن کے علاوہ ادویات کی تقسیم عمل میں لائی گئی۔ اس ولیج میں 25 خاندان متاثر ہوئے ہیں جن کا گذر بسر مشکل تھا۔ کمشنر پولیس نے اس بات کی اطلاع کے بعد فوری اقدام کرتے ہوئے امدادی کام کی ہدایت دی۔