مخالفین کی تنقیدوں سے کے سی آر مزید طاقتور ہوں گے: ہریش راؤ

   


مودی کو سیاسی حریف قبول نہیں، کالیشورم پراجکٹ کیخلاف بے بنیاد مہم

حیدرآباد۔/13نومبر، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں اپوزیشن کی جانب سے گمراہ کن پروپگنڈہ کیا جارہا ہے۔ دہلی اور حیدرآباد میں دفاتر میں بیٹھ کر تنقید کرنے سے کچھ پتہ نہیں چلتا۔ اپوزیشن قائدین کو چاہیئے کہ وہ دیہاتوں میں پہنچ کر کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر سے پانی کی سربراہی کا جائزہ لیں تاکہ پتہ چلے کہ پراجکٹ سے کتنا فائدہ ہوا ہے۔ ہریش راؤ نے سدی پیٹ ضلع میں مارکٹ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ہریش راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش میں پولاورم پراجکٹ کی آئندہ پانچ برسوں میں بھی تکمیل نہیں ہوسکتی۔ پولاورم کے تعمیری کاموں پر وہاں کے انجینئرس سے بات چیت کی گئی۔ اگر پانچ برسوں میں کام مکمل ہوتا ہے تو یہ ایک کارنامہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم کا کام کالیشورم پراجکٹ سے پہلے شروع کیا گیا تھا۔ پراجکٹ کا کام مکمل ہوگیا اور عوام اس کے فوائد سے مستفید ہورہے ہیں لیکن مرکز کی جانب سے شروع کردہ پولاورم پراجکٹ ابھی بھی نامکمل ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کے گمراہ کن پروپگنڈہ سے کالیشورم کے فوائد سے عوام کو گمراہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ تلنگانہ میں آبپاشی سہولتوں میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم کی حیثیت سے تلنگانہ کیلئے نریندر مودی نے کچھ نہیں کیا اور اس بارے میں سوال کرنے پر مودی ناراض ہورہے ہیں۔ہریش راؤ نے وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کی تنقیدوں سے چیف منسٹر کے سی آر مزید مستحکم ہوں گے۔ بی جے پی قائدین چیف منسٹر کے خلاف مسلسل بیان بازی کررہے ہیں لیکن اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وزیر اعظم حکومت کے خلاف احمقانہ بیانات دے رہے ہیں اور وہ تلنگانہ کی ترقی میں مرکز کی حصہ داری سے متعلق سوالات کا جواب دینے کے موقف میں نہیں ہیں۔ر