مخالف بی جے پی جدوجہد میں ٹی آر ایس کو سی پی آئی کی تائید

   

مرکزی بجٹ میں تلگو ریاستوں سے ناانصافی، ڈاکٹر کے نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔4 ۔ فروری (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر کے نارائنا نے بی جے پی کے خلاف جدوجہد میں ٹی آر ایس سے مکمل تعاون کا اعلان کیا۔ حیدرآباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ ملک کو بی جے پی اقتدار سے نجات دلانے کیلئے سیکولر طاقتوں کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بی جے پی کے خلاف جدوجہد کا اعلان کیا ہے اور اس جدوجہد کو سی پی آئی کی مکمل تائید حاصل رہے گی۔ ڈاکٹر نارائنا نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں تلنگانہ ریاستوں کے ساتھ سخت ناانصافی کی گئی ہے۔ بجٹ میں عام آدمی کے بجائے کارپوریٹ گھرانوں کے مفادات کا تحفظ کیا گیا ۔ سی پی آئی قائد نے کہا کہ صرف 5 ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کیلئے مودی حکومت نے زرعی قوانین کی تنسیخ کا اعلان کیا ۔ کسانوں سے جو وعدہ کئے گئے تھے، ان کی آج تک تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے مرکزی بجٹ کو مخالف کسان قرار دیا اور کہا کہ پیداوار کی امدادی قیمت کی ضمانت کیلئے قانون سازی نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم کو فروغ دینے کے بجائے بیرونی یونیورسٹیز کو دعوت دی جارہی ہے۔ نارائنا نے کہا کہ آندھراپردیش تنظیم جدید قانون میں دونوں تلگو ریاستوں کو جو تیقنات دیئے گئے تھے، ان پر عمل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ کے بارے میں کے سی آر کی رائے سے وہ اتفاق کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جی او 317 کے تحت ملازمین اور اساتذہ کے ساتھ سخت ناانصافی ہوئی ہے اور سی پی آئی جی او سے دستبرداری کا مطالبہ کرتی ہے ۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر انتخابی ریاستوں اور غیر انتخابی ریاستوں میں علحدہ پالیسی اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو چاہئے کہ وہ سیکولر جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی مساعی کرے۔ پریس کانفرنس میں ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی اور سابق رکن راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ موجود تھے۔ ر