مخالف پارٹی سرگرمیوں پر حضور آباد کے کوشک ریڈی کانگریس سے برطرف

   

ٹی آر ایس سے ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش پر تادیبی کمیٹی کا فیصلہ
حیدرآباد۔12 ۔جولائی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے مخالف پارٹی سرگرمیوں پر حضور آباد کے قائد پی کوشک ریڈی کو پارٹی سے برطرف کردیا۔ تادیبی کارروائی کمیٹی کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی اور پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے یہ اعلان کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو کوشک ریڈی نے دھوکہ دیا ہے ۔ ٹی آر ایس سے ملی بھگت کے ذریعہ حضور آباد میں کانگریس کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔ قبل ازیں تادیبی کارروائی کمیٹی نے کوشک ریڈی کو وجہ نمائی نوٹ جاری کی تھی۔ تازہ ترین تبدیلی سے پتہ چلتا ہے کہ کانگریس پارٹی حضور آباد کے ضمنی چناو میں مقابلہ کی تیاری کر رہی ہے۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ٹی آر ایس امیدوار کے بارے میں تجسس کے دوران کانگریس کے مقامی قائد پی کوشک ریڈی نے یہ اعلان کرتے ہوئے کانگریس حلقوں میں سنسنی دوڑا دی کہ ٹی آر ایس کا ٹکٹ ان کے لئے کنفرم ہوچکا ہے ۔ کوشک ریڈی نے گزشتہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے ٹکٹ پر ایٹالہ راجندر کے خلاف مقابلہ کیا تھا ۔ راجندر کی ٹی آر ایس سے علحدگی اور بی جے پی میں شمولیت کے بعد کوشک ریڈی کے ٹی آر ایس کے اعلیٰ قائدین سے تعلقات استوار ہوگئے ۔ انہوں نے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کی تھی ۔ ٹی آر ایس سے قربت اور مخالف پارٹی سرگرمیوں پر کوشک ریڈی کو تادیبی کارروائی کمیٹی کی جانب سے انتباہ دیا گیا لیکن اس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ گزشتہ دنوں کوشک ریڈی کا ایک آڈیو وائرل ہوا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ٹی آر ایس کا ٹکٹ ان کے لئے کنفرم ہوچکا ہے ۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ الیکشن میں کام کرنے کیلئے 3000 روپئے تک دینے تیار ہیں۔ واضح رہے کہ کوشک ریڈی سابق صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی کے قریبی رشتہ دار ہیں۔