شہر میں 9 اور 10 ستمبر کو موسلادھار بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے جاری کیا الرٹ
حیدرآباد۔7 ۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز ) تلنگانہ کے مختلف اضلاع بالخصوص مشرقی اضلاع میں آئندہ دو یوم میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جبکہ شہر حیدرآباد میں 9 ستمبر کے بعد سے بارشوں کا امکان ظاہر کیا جا رہاہے ۔ محکمہ موسمیات سے جاری اعلامیہ میں یہ بات بتائی اور کہا کہ شہر میں 9 ستمبر کے بعد بارشوں کا سلسلہ شروع ہوسکتا ہے جبکہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں آئندہ دو یوم کے دوران موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی تلنگانہ کے اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک جاری رہے گا جبکہ اس میں بتدریج اضافہ کے امکانات کو مسترد نہیں کیاجاسکتا۔ضلع ورنگل میں موسلاد ھار بارشوں کے سلسلہ میں ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ ان بارشوں کے بعد یہ سلسلہ دیگر اضلاع میں بھی پھیل سکتا ہے ۔ ماہرین موسمیات نے بتایا کہ ملوگو ‘ بھوپل پلی ‘ محبوب آباد کے علاوہ کتہ گوڑم ‘ کے علاقوں میں 7 ستمبر کی شام سے بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا ۔خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق 9 ستمبر سے دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ تلنگانہ کے دیگر علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا اور موسلادھار بارشوں کے آثار ہیں۔دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں 9 تا13 ستمبر کے دوران بارشوں کے امکانات پر ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ گذشتہ ماہ ہونے والی بارشوں کی طرح تباہ کن بارشوں کا بھی سلسلہ شروع ہوسکتا ہے اسی لئے متعلقہ محکمہ جات کو قبل از وقت تیاریوں کے ذریعہ ریاست بھر میں بارش کے نقصانات کو محدود کرنے اقدامات کئے جانے چاہئے ۔ذرائع کے مطابق محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی اور خانگی ماہرین کی پیش قیاسی کا جائزہ لیتے ہوئے سرکاری محکمہ جات کی جانب سے احتیاطی اقدامات کئے جانے لگے ہیں اور شہر میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد‘ ’حیدرا‘ کے علاوہ دیگر متعلقہ شعبہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے چوکسی اختیار کرنے احکامات جاری کردیئے ہیں ۔3