مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے ہند ۔ انگولا کے 3معاہدوں پر دستخط

   

نئی دہلی، 9 نومبر (یواین آئی) صدر دروپدی مرمو نے ہندوستان اور انگولا کے درمیان شراکت داری کو باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ویژن پر مبنی قرار دیتے ہوئے مختلف دو طرفہ شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ مرمو، جو انگولا کے دورے پر ہیں، نے اتوار کو لوانڈا میں انگولا کے صدر کے ساتھ دو طرفہ میٹنگ کی اور وفود کی سطح کی بات چیت کی قیادت کی۔ بات چیت سے پہلے انگولا کے صدر جوآؤ مینول گوسالویس نے مرمو کا پرتپاک استقبال کیا۔ ان کا رسمی استقبال اور گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ آمنے سامنے ملاقات اور وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات سے متعلق وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ مرمو نے کہاکہ ہندوستان اور انگولا کے درمیان شراکت داری باہمی اعتماد، احترام، اور ہمارے لوگوں کی خوشحالی کے مشترکہ ویژن پر مبنی ہے ۔ انہوں نے انگولا کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے کی جا رہی ترقیاتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صدر نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی ہوئی توانائی کی تجارتی شراکت داری کو نوٹ کیا اور کہا کہ انگولا ہندوستان کی توانائی کی سلامتی میں اہم کردار ادا کرتا ہے ۔ دونوں رہنماؤں نے نئے اور ابھرتے ہوئے شعبوں بشمول ٹیکنالوجی، زراعت، صحت، دفاع، انفراسٹرکچر اور عوام سے عوام کے تبادلے میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مزید متنوع بنانے پر اتفاق کیا۔ دونوں ممالک نے مختلف دوطرفہ شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے کے ساتھ ساتھ ہندوستان-افریقہ فورم چوٹی کانفرنس کے وسیع فریم ورک کے اندر مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ماہی گیری، آبی زراعت اور سمندری وسائل میں تعاون اور قونصلر معاملات میں تعاون پر مفاہمت کی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا۔