حیدرآباد 20جنوری(یواین آئی ) تلنگانہ میں نامزد عہدوں کیلئے کانگریس کے قائدین کی مہم شروع ہوگئی ہے ۔پہلی فہرست میں تقریبا 18مختلف کارپوریشنس کے عہدوں کو پُرکرنے کا امکان ہے ۔اس کا جاریہ ماہ کے اواخر میں اعلان متوقع ہے تاہم خواہشمندوں نے عہدوں کیلئے دوڑ دھوپ شروع کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق ان عہدوں کو پُرکرنے میں ان لیڈروں کو ترجیح دی جائے گی جو اسمبلی انتخابات میں ٹکٹس سے محروم رہے اورجنہوں نے پارٹی کے استحکام کیلئے کام کیا ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اس سلسلہ میں اقدامات کرلئے ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ حال میں ریونت ریڈی نے دورہ دہلی کے موقع پر ہائی کمان کے اعلی لیڈروں سے منظوری حاصل کرلی ہے ۔وزیراعلی 21 جنوری کو شہر واپس ہونگے ۔ان کی حیدرآباد واپسی کے اندرون دو تاتین دن توقع ہے کہ پہلی فہرست کا اعلان کیا جائیگا۔پہلی فہرست میں کتنے کارپوریشنس کے عہدوں کو پُر کیا جائیگایہ پارٹی کے لیڈروں اورخواہشمندوں کیلئے موضوع بحث ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ بعض خواہشمند اے آئی سی سی کے لیڈروں سے سفارش کیلئے بھی رجوع ہوئے ہیں۔