سرکاری ترجمانوں کا عنقریب تقرر، کوشک ریڈی کو ٹی آر ایس کا ٹکٹ نہیں ملے گا
حیدرآباد: 13 جولائی (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے انکشاف کیا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ان سے ربط میں ہیں اور وہ کانگریس میں شمولیت کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں تمام طبقات کے ساتھ مساوی طور پر انصاف کیا جائے گا۔ آئندہ دو تین دن میں پردیش کانگریس کمیٹی کے سرکاری ترجمانوں کا تقرر عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تلگودیشم کے تلنگانہ صدر ایل رمنا کو چار مرتبہ کھانے پر مدعو کیا اس کے بعد ٹی آر ایس میں شمولیت کے لیے راضی کرایا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس اور بی جے پی کے تین قائدین نے آج ان سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ اروند کے بھائی سابق میئر ڈی سنجئے اور جڑچرلہ کے سابق رکن اسمبلی ایرا شیکھر اور بھوپال پلی کے تلگودیشم لیڈر جی ستیہ نارائنا نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور آباد کے باغی لیڈر کوشک ریڈی کے قائدین پر الزامات دراصل منصوبہ بند ہیں۔ کوشک ریڈی چھوٹا بچہ ہے اور اسے یہ کہنے پر مجبور کیا گیا ہے کہ کوشک ریڈی کو ٹکٹ کا لالچ دیا گیا ہے۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ کوشک ریڈی کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے بارے میں انہیں پہلے سے اطلاع تھی۔ انہوں نے شبہ ظاہر کیا کہ ٹی آر ایس حضورآباد سے کوشک ریڈی کو ہرگز ٹکٹ نہیں دے گی۔ ٹی آر ایس کے لیے حضورآباد میں موزوں امیدوار نہیں ہے جس کے لیے دیگر جماعتوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے خلاف کانگریس کا احتجاج غیر معمولی کامیاب رہا اور عوام رضاکارانہ طور پر احتجاج میں شریک ہوئے۔