مخدوم بھون پہنچ کر وزیر برقی جگدیش ریڈی کی سی پی آئی قائدین سے ملاقات

   


منوگوڑ میں تائید پر اظہار تشکر، بی جے پی کے خلاف قومی سطح پر بائیں بازو کے ساتھ اتحاد کا اشارہ
حیدرآباد۔ /8 نومبر، ( سیاست نیوز) منوگوڑ ضمنی چناؤ میں ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کرنے پر اظہار تشکر کیلئے وزیر برقی جگدیش ریڈی، نومنتخب رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی اور ٹی آر ایس کے ارکان مقننہ ٹی رویندر راؤ، جی کشور نے آج مخدوم بھون پہنچ کر سی پی آئی قائدین سے ملاقات کی۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ کے علاوہ چاڈا وینکٹ ریڈی، سید عزیز پاشاہ، ٹی وینکٹ ریڈی اور ای ٹی نرسمہا نے ریاستی وزیر اور ٹی آر ایس ارکان مقننہ کا استقبال کیا۔ اس موقع پر منوگوڑ کے نومنتخب رکن اسمبلی پربھاکر ریڈی کو مٹھائی کھلائی گئی اور انہیں تہنیت پیش کی گئی۔ منوگوڑ میں سی پی آئی اور سی پی ایم نے ٹی آر ایس کی نہ صرف تائید کا اعلان کیا بلکہ قائدین نے سرگرم انتخابی مہم چلائی تھی۔ مخدوم بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ بائیں بازو جماعتوں کی تائید سے ٹی آر ایس کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مخالف مودی طاقتوں کو متحد کرنے کیلئے ہم بائیں بازو جماعتوں کی مساعی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ تلنگانہ میں ترقی کو روکنے کیلئے مرکزی حکومت اور بی جے پی نے سازش تیار کی اور وسط مدتی چناؤ کا ماحول پیدا کیا۔ بی جے پی کی پیشرفت کو روکنے کی صلاحیت صرف کے سی آر میں ہے جس کا اعتراف کرتے ہوئے بائیں بازو نے ٹی آر ایس کی تائید کی۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ سی پی آئی اور سی پی ایم کے قائدین نے اپنے امیدوار کی طرح ٹی آر ایس امیدوار کی مہم میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ بائیں بازو اور ٹی آر ایس کا اتحاد مستقبل میں بھی برقرار رہے گا۔ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف سیکولر قوتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ نے کہا کہ بی جے پی کی کامیابی کو روکتے ہوئے ہم نے تلنگانہ سے ایک بڑے خطرہ کو ٹال دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سی پی آئی اور ٹی آر ایس نے بھائی بھائی کی طرح انتخابی مہم چلائی اور ٹی آر ایس کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی یہ اتحاد جاری رہے گا۔ر