مدرسہ عالیہ کے 150 سالہ جشن پر شائع شدہ سوونیر جناب زاہد علی خاں کو پیش کیا گیا

   

حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے ممتاز تعلیمی ادارہ عالیہ ہائی اسکول و جونیر کالج کے سابق طلباء کے ایک گروپ نے مدرسہ عالیہ کے 150 سالہ جشن کے موقع پر سوونیر شائع کیا۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر ’سیاست‘ کو سوونیر کی ایک کاپی پیش کی گئی۔ اس موقع پر جناب غلام محمد، جناب سید عبدالمتکبر ارشد پیرزادہ، جناب محمد افتخار حسین، جناب یوسف جعفر، جناب سید حامد لطیف اور جناب سید جہانگیر موجود تھے۔ جناب زاہد علی خاں نے جو مدرسہ عالیہ کے طالب علم رہ چکے ہیں مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ مدرسہ کے چند سرکردہ طالب علموں نے اپنی تعلیم گاہ سے وابستہ یادوں کو باقی رکھا ہے۔ مدرسہ کا 150 سالہ جشن بڑے پیمانے پر منایا گیا اور سینکڑوں سابق طلباء کو جشن میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ جناب زاہد علی خاں نے اس روایت کو برقرار رکھنے کی تجویز پیش کی تاکہ ہر سال یہ تقریب منعقد کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ کے فارغ طلباء سماج میں اہم مقام پر فائز ہیں اور ملک و قوم کی نمایاں خدمت کررہے ہیں۔ انہوں نے قوم کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی کی سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔سوونیر میں یادگار تصاویر اور اہم شخصیتوں کے مضامین شامل ہیں۔ سید فاضل حسین پرویز ایڈیٹر ’ گواہ ‘ کی نگرانی میں سوونیر شائع کیا گیا۔ر