مدھیہ پردیش؍راج گڑھ 6 مئی:(ایجنسیز) راج گڑھ ضلع کے سارنگ پور علاقے میں گائے ذبیحہ معاملے میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے سخت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے غیر قانونی مکانات کو بلڈوزر کے ذریعے منہدم کر دیا۔ اس کارروائی کے دوران متعدد افراد کو گرفتار بھی کیا گیا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق سارنگ پور علاقے میں گزشتہ کئی دنوں سے گائے کے ذبیحہ کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو خفیہ اطلاع ملی کہ اکودیا ناکہ کے قریب جنگلاتی علاقے میں کچھ افراد گائے ذبح کرنے اور باقیات فروخت کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔اطلاع ملتے ہی پولیس نے پٹیل واڑی کے پیچھے واقع جنگلاتی علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی، جہاں سے مویشیوں کی باقیات برآمد ہوئیں۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان فرار ہونے لگے۔ پولیس نے تقریباً ایک کلومیٹر تک تعاقب کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔گرفتار ملزم کی شناخت ذاکر عمر 40 سال ساکن بہاری واڈا، مکرواڑی، سارنگ پور کے طور پر ہوئی ہے۔ دورانِ تفتیش اس نے اپنے ساتھیوں کے نام امین ساکن پٹیل واڑی، سارنگ پور اور ذاکر ساکن دیواس بتائے، جو موقع سے فرار ہوگئے تھے۔ بعد میں محبوب عرف لنگڑا اور ظفر کو بھی مقدمے میں شامل کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔پولیس نے جائے وقوعہ سے گائے کی باقیات، چاقو، درانتی، کلہاڑی، بیلچہ اور ایک موٹر سائیکل ہونڈا سی بی 100 برآمد کر کے ضبط کر لی۔ تمام سامان کو قانونی کارروائی کے تحت سیل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مدھیہ پردیش گائے ذبیحہ امتناع ایکٹ 2004 کی دفعات 4، 6 اور 9 کے علاوہ جانوروں پر ظلم کی روک تھام ایکٹ کی دفعہ 11(1)(5) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کو عدالت میں پیش کیا جا رہا ہے جبکہ فرار ملزمان کی تلاش کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف مسلسل کارروائی جاری رہے گی۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔اس کارروائی کے دوران ایس ڈی ایم روہت بامھور، ایس ڈی او پی اروند سنگھ، تحصیلدار آکاش شرما، تھانہ انچارج راہل رگھوونشی، پاچور تھانہ انچارج شکنتلا بامنیہ، میونسپل کونسل عملہ اور بڑی تعداد میں پولیس فورس موجود رہی۔