مدھیہ پردیش اسمبلی میں آج کمل ناتھ حکومت کا خطہ اعتماد

,

   

Ferty9 Clinic

کانگریس کو اکثریت ثابت کرنے کایقین، پارٹی کے ارکان بھوپال واپس ، تمام نظریں اسپیکر پر مرکوز

بھوپال 15 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کی کمل ناتھ حکومت کو کل اسمبلی میں اکثریت ثابت کرنے کی گورنر نے ہدایت دی ہے ۔ تمام نظریں اسپیکر این پی پرجاپتی پر مرکوز ہوگئی ہیں کیونکہ انہوں نے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کا حکم دینے سے متعلق سوال کو ٹال دیا ہے ۔ مدھیہ پردیش اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے ایک دن قبل کانگریس ارکان اسمبلی ‘ جو سیاسی بحران کی کیفیت میں جئے پور میں قیام کئے ہوئے تھے ‘ آج بھوپال واپس ہوگئے ہیں۔ گورنر مدھیہ پردیش لال جی ٹنڈن نے ہفتے کی رات دیر گئے چیف منسٹر کمل ناتھ کو ہدایت دی تھی کہ وہ اسمبلی میں پیر کے دن ہی اعتماد کا ووٹ حاصل کریں۔ کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے بتایا کہ پارٹی ارکان اسمبلی راجستھان سے بھوپال واپس ہوچکے ہیں۔ رکن اسمبلی نے کہا کہ بھوپال ائرپورٹ آمد کے بعد ارکان اسمبلی کو بسوں میں ہوٹل لیجایا جا رہا ہے اور ہم اپنے گھروں کو جانے کی بجائے بھوپال میں قیام کرینگے کیونکہ اسمبلی کا اجلاس پیر سے شروع ہونے والا ہے ۔ کانگریس مقننہ پارٹی نے کل ہی ایک وہپ جاری کرتے ہوئے اپنے ارکان اسمبلی سے کہا تھا کہ وہ اسمبلی میں موجود رہیں۔ تاہم جو بی جے پی ارکان اسمبلی ہریانہ میں کیمپ کئے ہوئے تھے وہ ابھی تک بھوپال واپس نہیں ہوئے ہیں۔ وہ چند دن قبل ہریانہ چلے گئے تھے ۔
اس دوران کانگریس نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ ایوان میں اپنی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہوجائیگی جبکہ اپوزیشن بی جے پی کا دعوی ہے کہ کمل ناتھ حکومت 22 ارکان اسمبلی کے استعفوں کے بعد اقلیت میں آگئی ہے ۔ ریاستی وزیر تعلقات عامہ پی سی شرما نے کہا کہ ہمیں اپنی اکثریت ثابت کردکھانے کا یقین ہے۔

کمل ناتھ کو استعفیٰ دینا چاہئیے : بی جے پی
نئی دہلی ۔ /15 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)بی جے پی کے نائب صدر ونئے ششربھودے نے کہا کہ چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ کو استعفیٰ دینا چاہئیے ۔ 22 ارکان اسمبلی کے استعفوں کے بعد کانگریس کو لنگڑے بہانے بنانے کی ضرورت نہیں ۔ کانگریس حکومت کے پاس اکثریت نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں کمل ناتھ حکومت اکثریت ثابت نہیں کرسکے گی ۔ انہوں نے کانگریس کے الزام کو مسترد کردیا کہ بی جے پی حکومت گرانے کی کوشش کررہی ہے ۔