بھوپال: مدھیہ پردیش میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا جمعرات کی صبح تقریباً 6 بجے کھنڈوا ضلع کے موضع بورگاوں بزرگ سے شروع ہوئی۔ یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ ان کی بہن پرینکا گاندھی واڈرا بھی چل رہی ہیں۔ پرینکا کا بیٹا ریحان اور شوہر رابرٹ واڈرا بھی اس یاترا میں شامل ہیں۔ راجستھان کے نائب وزیر اعلیٰ سچن پائلٹ بھی یاترا میں شامل ہوئے ہیں۔مدھیہ پردیش میں جمعرات کو بھارت جوڑو یاترا کا دوسرا دن ہے۔ موضع بورگاوں بزرگ سے شروع ہوئی یہ یاترا تقریباً آٹھ کلومیٹر پیدل چلنے کے بعد صبح آٹھ بجے گاوں کمٹھی پہنچی۔ یہاں راہل گاندھی سمیت سبھی نے گروکرپا فیملی ریسٹورنٹ میں چائے اور ناشتہ کیا۔یہاں ہردا ضلع کے پارٹی کارکنوں نے اسٹیج لگا کر یاترا کا پرتپاک استقبال کیا۔ یہاں ریاست کے قبائلی علاقوں کے فنکاروں نے مہاتما گاندھی کے ملبوسات میں اپنی روایتی پرفارمنس دے کر راہل گاندھی کا استقبال کیا۔ اس کے بعد یاترا موضع رستم پور پہنچی، جہاں گاؤں والوں نے راہل گاندھی اور پرینکا واڈرا پر پھول برسائے۔