مدھیہ پردیش :کانگریس حکومت بحران کا شکار

,

   

22 وزراء نے چیف منسٹر کمل ناتھ کو استعفے پیش کردیئے
آدتیہ سندھیا اور حامی ایم ایل ایز بنگلورو منتقل ، پارٹی سے رابطہ منقطع
بھوپال ؍ نئی دہلی ۔ 9 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام)مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت آج دن بھر ڈرامائی سیاسی تبدیلیوں کے ساتھ بحران کا شکار ہوگئی ، جس کے نتیجہ میں رات دیر گئے چیف منسٹر کمل ناتھ نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس منعقد کرتے ہوئے 22شرکاء وزراء سے استعفے لے لیے ۔ اس تبدیلی کا راست تعلق جیوترآدتیہ سندھیا اور اُن کے حامی گروپ کی باغیانہ سرگرمیاں ہے ۔ تادم تحریر اطلاع کے مطابق سندھیا اور اُن کے حامی ایم ایل ایز مدھیہ پردیش سے رناٹک کے دارالحکومت بنگلورو پہنچ گئے جہاں سے پارٹی ہائی کمان سے اُن کا رابطہ منقطع بتایا گیا ہے ۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ دن میں چیف منسٹر کمل ناتھ نے نئی دہلی پہونچ کر صدر کانگریس سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے مختلف اُمور پر تبادلۂ خیال کیا تھا اور اُس کے چند گھنٹوں بعد ریاست میں کابینی وزراء سے استعفے طلب کرلئے گئے ۔ بھوپال میں ایک سینئر وزیر نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہم نے چیف منسٹر کے ساتھ یگانگت کا اظہار کیا اور کابینی اجلاس میں اُنھیں اپنے استعفے پیش کردیئے ۔ کمل ناتھ کو دہلی سے عجلت میں بھوپال پہونچنا پڑا کیونکہ یہ اطلاع تیزی سے گشت کرنے لگی تھی کہ سینئر لیڈر سندھیا کم از کم 17 لیجسلیٹرس کے ساتھ بنگلورو پہونچ کر رابطے سے دور ہوگئے ہیں، جو ممکنہ بغاوت کا اشارہ ہے ۔ اس دوران بی جے پی نے اپنے ایم ایل ایز کی منگل کو میٹنگ طلب کی ہے جہاں ذرائع کے مطابق سابق چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کو لیجسلیچر پارٹی کا لیڈر منتخب کیا جاسکتا ہے ۔
… خبریں سرخیوں میں …
٭ طاہر حسین کے بھائی شاہ عالم کی دہلی فساد کے سلسلے میں گرفتاری
٭ وزیراعظم مودی کا دورۂ بنگلہ دیش کورونا وائرس کے سبب منسوخ
٭ کانگریس کا 386 کیلومیٹر طویل علامتی ڈانڈی مارچ ملتوی
٭ ایرانڈیا ، اے آئی ایکسپریس کی فری ٹکٹ ری شیڈولنگ کی پیشکش
٭ ایران میں پھنسے ہندوستانیوں کو واپس لانے طیارہ روانہ