بھوپال : مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت نے کورونا کے بڑھتے کیسز کو دیکھتے ہوئے ریاست کے تین شہروں اندور، بھوپال اور جبل پور میں ہر اتوار کو لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلے خبر آئی تھی کہ آئندہ اتوار کو لاک ڈاؤن رہے گا، لیکن تازہ ترین خبروں کے مطابق نہ صرف ہر اتوار کو لاک ڈاؤن ہوگا بلکہ ان تینوں شہروں میں ہر ہفتہ کو رات کا کرفیو بھی نافذ رہے گا۔کورونا کے لگاتار بڑھتے معاملوں کو دیکھتے ہوئے مدھیہ پردیش کی شیوراج حکومت نے ریاست کے تین بڑے شہروں میں لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اندور، بھوپال اور جبل پور شہر میں اتوار کے روز یعنی ایک دن کے لیے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے۔ ان تین شہروں میں اسکول و کالج کو 31 مارچ تک بند رکھنے کا بھی فیصلہ لیا گیا ہے۔ آج وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان کی صدارت میں ہوئی ایک جائزہ میٹنگ کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔
