مدھیہ پردیش کے 17شہروں میں شراب پر پابندی

   

مہیشور: مدھیہ پردیش حکومت نے آج شراب بندی کی سمت ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا کہ ریاست کے 17 بڑے مذہبی شہروں میں شراب پر پابندی ہوگی، ان قصبوں میں شراب کی کوئی دکان نہیں ہوگی اور نہ ہی موجودہ دکانوں کو کہیں اور منتقل کیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے یہاں ریاستی وزراء کونسل کی میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انہوں نے کہا کہ وزراء کی کونسل نے فیصلہ کیا ہیکہ اجین میونسپل کارپوریشن علاقہ سمیت 17 مذہبی قصبوں میں تمام موجودہ شراب کی دکانیں بند کی جائیں گی۔ ان میں ایک میونسپل کارپوریشن کے علاوہ میونسپلٹی، میونسپل کونسل اور گرام پنچایت کے علاقے بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ اجین کے علاوہ اومکاریشور، مہیشور، دتیا، میہر، سلکن پور، کنڈل پور سمیت 17 مذہبی شہروں میں شراب بندی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزراء کی کونسل نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ اب ریاستی وزراء اپنے محکموں کے مفاد میں خصوصی حالات میں تبادلے بھی کر سکیں گے۔