حکومت نے 3 کروڑ 7 لاکھ کی منظوری دی
حیدرآباد ۔ 26۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مدینہ منورہ کے قریب 17 نومبر کو پیش آئے بس سانحہ میں جاں بحق عمرہ زائرین کے پسماندگان کی نشاندہی کرلی ہے جنہیں فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا ادا کیا جائے گا ۔ تمام قانونی امور کی تکمیل کرتے ہوئے 44 مہلوکین کے قریبی پسماندگان کی نشاندہی کی گئی جنہیں ایکس گریشیا کا چیک حوالہ ہوگا ۔ سانحہ میں زخمی شعیب نامی نوجوان کو تین لاکھ روپئے کی امداد منظور کی گئی ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ نے جی او آر ٹی 125 جاری کیا جس کے تحت تین رکنی اعلیٰ سطحی وفد کے سفری اخراجات کے لئے 8425781 روپئے کی منظوری دی ہے ۔ ریاستی کابینہ نے فی خاندان 5 لاکھ روپئے کے ایکس گریشیا کا اعلان کیا تھا ، تاہم بعد میں احکامات میں ترمیم کرتے ہوئے ہر مہلوک کے پسماندگان کو ایکس گریشیا کی منظوری کا فیصلہ کیا گیا ۔ حکومت نے 44 مہلوکین کے پسماندگان اور ایک زخمی کو ایکس گریشیا کے لئے 3 کروڑ 7 لاکھ 25 ہزار 781 روپئے منظور کئے ہیں۔ یہ رقم تلنگانہ حج کمیٹی کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی ہے۔ محکمہ ریونیو کے عہدیداروں نے سانحہ کے مہلوکین کے 44 پسماندگان کی نشاندہی کی ہے۔ ایک خاندان کے 10 مہلوکین کا ایکس گریشیا ایک ہی شخص کو ادا کیا جارہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں ایکس گریشیا کے چیکس کی تقسیم عمل میں آئے گی اور جلد ہی اس سلسلہ میں تاریخ کا تعین ہوگا۔1
