اَن لاک۔5 کے تحت تلنگانہ میں رعایتوں کا اعلان، اسکول اور کالجس کی کشادگی پر بعد میں فیصلہ
حیدرآباد : تلنگانہ حکومت نے کووڈ ان لاک 5 کے تحت مزید رعایتوں کا اعلان کیا ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے جی او ایم ایس 136 جاری کیا جس کے تحت سماجی ، تعلیمی ، کھیل کود، تفریحی ، تہذیبی ، مذہبی اور سیاسی پروگراموں میں 100 افراد کی شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ شادی اور اس سے متعلق دیگر تقاریب میں 100 افراد کی شرکت کی اجازت ہوگی ۔ اس کے علاوہ تدفین اور آخری رسومات میں بھی 100 افراد کے شریک ہونے کی اجازت رہے گی۔ حکومت نے سوئمنگ پولس جو کھلاڑیوں کی جانب سے استعمال کئے جاتے ہیں، ان کے 15 اکتوبر سے ٹریننگ کیلئے کھولنے کی اجازت دی ہے۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ کنٹینمنٹ زونس کے علاوہ دیگر علاقوں میں تمام سرگرمیوں کی اجازت برقرار رہے گی ۔ اسکولس اور کوچنگ اداروں کے آغاز کے سلسلہ میں حکومت علحدہ احکامات جاری کریگی۔ کالجس اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں آن لائین اور فاصلاتی تعلیم کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ریسرچ اسکالرس اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ 15 اکتوبر سے ٹکنیکل اور پروفیشنل سرگرمیوں میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ ریاستی یونیورسٹیز اور خانگی یونیورسٹیز کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ریسرچ اسکالرس اور پوسٹ گریجویٹ طلبہ کی شرکت کی اجازت رہے گی۔ سنیما ہالس ، تھیٹرس ، ملٹی پلکس ، تفریحی پارکس اور دیگر تفریحی مقامات کی کشادگی کے بارے میں علحدہ احکامات جاری کئے جائیں گے۔ بزنس ٹو بزنس اگزیبیشن کی 15 اکتوبر سے اجازت رہے گی۔ مذہبی ، سیاسی ، تفریحی اور دیگر سرگرمیوں کے موقع پر ماسک کا استعمال ، تھرمل اسکاننگ ، سماجی فاصلہ اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی رہے گا۔ 65 سال سے زائد عمر کے افراد ، حاملہ خواتین اور 10 سال سے کم عمر کے بچوں کو گھروں میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انتہائی ضروری کام یا پھر صحت سے متعلق ضرورت کے تحت انہیں نکلنے کی اجازت رہے گی۔ کنٹینمنٹ زونس میں لاک ڈاؤن 31 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ ضلع کلکٹرس اور کمشنران پولیس و دیگر عہدیداروں کو گائیڈ لائینس پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔