مذہبی تہواروں میں کسی اشتعال انگیزی کی اجازت نہیں : کمشنر

   

سوشیل میڈیا کے استعمال میں بھی احتیاط کی ضرورت ۔ سرینواس ریڈی کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد 20 اپریل : ( سیاست نیوز ) : سٹی پولیس کمشنر حیدرآباد مسٹر کے سرینواس ریڈی نے کہا کہ مذہبی تہواروں کے موقع پر کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی اور مذہبی منافرت پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے آج یہاں ہنومان جینتی کے سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کو مخاطب کیا ۔ شہر میں 23 اپریل کو ہنومان جینتی ریالی منعقد کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنومان جینتی کے دوران آتش بازی ڈی جے اور رنگوں کو چھڑکنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ریالی کے دوران کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ سرینواس ریڈی نے اجلاس میں شریک بجرنگ دل قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ جلوس کے دوران لاٹھیوں اور ہتھیاروں اور اشتعال انگیز تقاریر اور نعروں سے گریز کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کے قابل اعتراض بیانرس اور تقاریر کی اجازت نہیں رہے گی اور نہ ہی ریالی اور جلوس کے دوران اشتعال پھیلانے والے اور دیگر مذاہب کے خلاف استعمال ہونے والے گیتوں کو بجانے کی اجازت دی جائے گی ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ہنومان جینتی ریالی اور جلوس کے لیے پولیس کی جانب سے سخت انتظامات کیے جارہے ہیں اور دیگر محکموں کے تعاون سے تمام تر سہولیات کو فراہم کیا جارہا ہے تاکہ ریالی و جلوس میں شریک شہریوں کو سہولیات فراہم کی جاسکے ۔ انہوں نے دوسرے مذاہب کا احترام اور شہر کی شناخت کو برقرار رکھنے کی خواہش کی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے بجرنگ دل قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ سوشیل میڈیا کے استعمال میں بھی احتیاط سے کام لیں ۔ افواہوں اور بے بنیاد اطلاعات پر دھیان نہ دیں اور نہ اس پر توجہ دیں ۔ پولیس کی جانب سے سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے ۔ انہوں نے باور کیا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پرع مل کیا جا رہا ہے اور اس کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ جلوس اور ریالی میں کسی بھی سیاسی جماعت کے نشان یا پھر سیاسی تقاریر کی اجازت نہیں ہے اور 12.2 کیلو میٹر طویل ریالی پر سنٹرل کمانڈ کنٹرول سے نظر رکھی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرون استعمال کیلئے پولیس سے پحشگی اجازت لازمی ہوگی ۔ یاد رہے کہ 23 اپریل کو شہر میں ہنومان جینتی کا انعقاد عمل میں آئیگا ۔ اجلاس میں راچہ کنڈہ ، سائبر آباد پولیس عہدیداروں کے خلاف واٹر ورکس ، جی ایچ ایم سی ، آر ٹی سی ، آر اینڈ بی ، ٹرانسکو ، ہیلت ، ای ایم آر آئی و دیگر محکموں کے علاوہ بجرنگ دل قائدین موجود تھے ۔۔ ع