رباط: مراقش کی وزارت خارجہ نے مغربی صحارا کے حوالے سے برلن کے موقف پر جرمنی کے ساتھ گہرے اختلافات کی بات کہی ہے۔مراقش میں مقامی میڈیا نے پیر یکم مارچ کو خبر دی کہ رباط نے مغربی صحارا کے حوالے سے برلن کے موقف کے ساتھ شدید اختلافات کی وجہ سے جرمن سفارت خانہ سے اپنے تمام تعلقات منقطع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔جرمنی نے گزشتہ دسمبر میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر مغربی صحارا کے علاقے پر مراقش کی خود مختاری کو تسلیم کرنے کے لیے شدید نکتہ چینی کی تھی۔اطلاعات کے مطابق مراقش کے وزیر خارجہ ناصر بوریتا نے مغربی صحارا پر برلن کے ساتھ گہرے اختلاف کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت سے رباط میں جرمنی کے تمام اداروں سے روابط معطل کرنے کو کہا ہے۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایک سینیئر سفارتی اہلکار کا کہنا ہے کہ جرمنی نے گزشتہ برس لیبیا پر ہونے والی کانفرنس میں مراقش کو دعوت نہیں دی تھی اور وہ اس پر بھی اپنے رد عمل کا اظہار کر رہا ہے۔ رلن نے جنوری 2020 میں لیبیا کی صورتحال پر تبادلہ خیال کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس بلائی تھی۔
