نئی دہلی۔ 27 ستمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے مردم شماری کو قومی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے اتوار کو لوگوں سے اپیل کی کہ وہ وقت نکال کر اپنی معلومات آن لائن درج کرائیں تاکہ اس کام کو آسان بنایا جا سکے ۔ مودی نے اپنے ماہانہ ریڈیو پروگرام ’من کی بات‘ میں کہا کہ مردم شماری ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے ۔ میں نے 15 اگست کو بھی ملک کے لوگوں سے اپیل کی تھی کہ اس کیلئے اپنا وقت ضرور نکالیں۔انہوں نے بتایا کہ لوگ اپنے موبائل فون سے اپنی اور اپنے خاندان کی معلومات درج کرا سکتے ہیں۔ یہ سہولت ہندی سمیت 16 زبانوں میں دستیاب ہے ۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ se.census.gov.in پورٹل پر جا کر اپنی معلومات درج کریں۔ اس پورے عمل میں تقریباً 15 سے 20 منٹ کا وقت لگتا ہے ۔