مردم شماری 2027ء کے تحت اپریل 2026ء سے پہلا مرحلہ

,

   

تقریباً 12 ہزار کروڑ روپئے کا بجٹ منظور۔ پہلی بار ڈیجیٹل طریقہ، ہر فرد اور ہر گھر کا احاطہ

نئی دہلی، 12 دسمبر (یو این آئی) حکومت نے جمعہ کو 2027 کی مردم شماری کیلئے 11,718.24 کروڑ روپے کے بجٹ کو منظوری دے دی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں اس تجویز کو منظوری دی گئی۔ ملک کی تاریخ میں پہلی بار مردم شماری مکمل طور پر ڈیجیٹل طریقے سے کرائی جائے گی۔ اس عمل کے دوران ملک کے ہر فرد اور ہر گھر کی معلومات ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے جمع کی جائیں گی۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ مردم شماری دو مراحل میں کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں اپریل سے ستمبر 2026 تک گھروں کی فہرست اور رہائش گاہوں کی گنتی ہوگی جبکہ دوسرے مرحلے میں فروری 2027 میں آبادی کی گنتی کی جائے گی۔ برفباری سے متاثر مرکز کے زیر انتظام علاقے لداخ، جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں مردم شماری ستمبر 2026 میں کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ برفباری سے متاثر علاقوں کیلئے مردم شماری کی تاریخ یکم اکتوبر 2026 مقرر کی گئی ہے جبکہ باقی ریاستوں کیلئے یکم مارچ 2027 کو رکھا گیا ہے ۔ ویشنو نے کہاکہ مردم شماری ایک ضروری عمل ہے جس کے ذریعے ملک اور اس کی آبادی کے بارے میں تمام اہم معلومات اکٹھی کی جاتی ہیں۔ پچھلی مردم شماری 2011 میں ہوئی تھی۔ 2021 میں کووڈ-19 کی وجہ سے مردم شماری نہیں ہو سکی تھی۔ اب اگلی مردم شماری 2027 میں ہوگی۔ ہندوستان کی مردم شماری کو دنیا بھر میں سب سے بڑا انتظامی اور شماریاتی عمل مانا جاتا ہے ۔ اس بار مردم شماری میں جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جائے گا۔