نئی دہلی،12دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)راجیہ سبھا میں ریاستوں کو اشیا اور خدمات ٹیکس(جی ایس ٹی) میں جمع کئے گئے محصولات میں سے ان کا حصہ جلد دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے جمعرات کو کہا گیا کہ حکومت کو تاخیر کرنے کے لئے وضاحت دینی چاہئے ۔کانگریس کے ڈگ وجے سنگھ نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران کہا کہ ریاستوں کی مالی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جارہی ہے ۔انہیں اپنا روزانہ کا کام کاج نمٹانا مشکل ہورہا ہے ۔مرکزی حکومت کو جلد از جلد جی ایس ٹی میں سے ان کا حصہ دینا چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ وزارت خزانہ کو ایوان میں اس تاخیر کی وجہ بتانی چاہئے اور ریاستوں کو ان کا حصہ دینے کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ جی ایس ٹی قانون میں ریاستوں کو2022 تک جی ایس ٹی کا حصہ دینے کا التزام کیاگیا ہے ۔اس مدت کو بڑھا کر 2027کردینا چاہئے ۔بیجو جنتا دل کے امر پٹنائک نے کہا کہ ریاستوں کو جی ایس ٹی کے حصے کی ادائیگی جلد کرنی چاہئے جس سے ترقی اور ترقیاتی منصوبوں کو متاثر ہونے سے بچایا جاسکے ۔
