مرکزی بجٹ میں اقلیتوں کے ساتھ صریح ناانصافی: عزیز پاشاہ

   

حیدرآباد۔/4فروری، ( سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری سید عزیز پاشاہ نے نریندر مودی حکومت کی جانب سے پیش کردہ مرکزی بجٹ میں اقلیتی بہبود کو نظرانداز کرنے پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت سب کا ساتھ سب کا وکاس کا نعرہ لگاتی ہے لیکن اقلیتی بہبود کیلئے محض 0.2 فیصد بجٹ مختص کیا گیا حالانکہ اقلیتوں کی آبادی مجموعی آبادی کا 19.75 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت نے گذشتہ 9 برسوں میں اقلیتوں کی ترقی کو نظرانداز کردیا ہے۔ اقلیتوں کے بجٹ میں اضافہ کے بجائے 38 فیصد کی کمی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ گودی میڈیا کی جانب سے مرکزی بجٹ کی ستائش کی جارہی ہے لیکن وزیر فینانس کے حقیقی بجٹ کی سچائی کو فراموش کردیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اقلیتی بہبود کا بجٹ 3097 کروڑ تھا جس میں سے 2162 کروڑ یعنی صرف 48 فیصد رقومات خرچ کی گئیں۔ اقلیتوں کی اسکالر شپ اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کے بجٹ میں کمی کردی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حجاب کے مسئلہ پر تنازعہ کے بعد 50 فیصد طالبات نے تعلیم ترک کردی ہے۔ اعلیٰ تعلیم میں 5.5 فیصد طالبات نے تعلیم ترک کردی۔ سید عزیز پاشاہ نے کہا کہ گذشتہ سال نظرثانی شدہ بجٹ میں اقلیتی بہبودکیلئے 2612 کروڑ مختص کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں سے ناانصافی کے خلاف جمہوری طاقتوں کو آواز بلند کرنی چاہیئے۔1