مرکزی حکومت نے دونوں تلگو ریاستوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی

   

17 فبروری کو ورچول میں پہلا اجلاس 9 اور 10 شیڈول اور اثاثہ جات کی تقسیم پر ہوگی مشاورت
حیدرآباد ۔ 12 فبروری (سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے تعلیمی مسائل پر مرکزی حکومت نے توجہ دیتے ہوئے مسائل کی یکسوئی کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اس سلسلہ میں مرکزی محکمہ داخلہ نے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس کمیٹی میں مرکزی محکمہ داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کمار تلنگانہ سے اسٹیٹ اسپیشل سکریٹری کے راما کرشنا راؤ آندھراپردیش سے محکمہ فینانس کے سکریٹری ایس ایس راوت کو بحیثیت ارکان نامزد کیا گیا ہے۔ مرکزی محکمہ داخلہ نے بتایا کہ اس کمیٹی کا مہینے میں ایک مرتبہ اجلاس منعقد ہوگا۔ تقسیم ریاست کے بعد دونوں تلگو ریاستوں کے درمیان جو مسائل اور تنازعات پیدا ہوئے ہیں، اس کا کمیٹی جائزہ لے گی اور مسائل کی یکسوئی کیلئے کامیاب حکمت عملی تیار کرے گی۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس 17 فبروری کو صبح 11 بجے ورچول انداز میں منعقد ہوگا۔ اس اجلاس میں شیڈول 9 اور 10 میں جائیدادوں اور اثاثہ جات کی تقسیم کے علاوہ دوسرے مسائل پر تبادلہ خیال ہوگا۔ آندھراپردیش کے تقسیم کے تقریباً 8 سال کی تکمیل کے باوجود کئی مسائل کی آج تک یکسوئی نہیں ہوپائی بالخصوص اثاثہ جات کی تقسیم بہت بڑا مسئلہ ہے۔ دونوں تلگو ریاستوں کی جانب سے ابتداء میں اور آندھراپردیش میں حکومت کی تبدیلی کے بعد چیف منسٹرس ، وزراء اور عہدیداروں کی سطح پر مسائل کی یکسوئی کیلئے مشاورت کی گئی جس کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے جس کے بعد دونوں تلگو ریاستوں نے مرکز سے مسئلہ کو حل کرنے پر زور دیا تھا جس پر مرکزی محکمہ داخلہ نے مسائل کو حل کرنے کیلئے سہ رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔ن