ملک کی حالت غیر مستحکم، معیشت انحطاط کا شکار، حکومت کے اقدامات مشتبہ
حیدرآباد۔2۔اپریل(سیاست نیوز) پراویڈنٹ فنڈ‘ ایل آئی سی اور دیگر اداروں میں جمع عوامی دولت کو اڈانی کے حوالہ کئے جانے کے الزامات کے دوران مرکزی حکومت کی جانب سے چھوٹے سرمایہ کاروں اور ضعیف العمر افراد کی جانب سے جمع کروائی جانے والی رقومات اور ڈپازٹس پر شرح سود میں اضافہ کا اعلان کیا ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے پوسٹ آفس‘ نیشنل سیونگ سرٹیفیکیٹ ‘ کسان وکاس پترا‘ مہیلا سمان سیونگ میںکی جانے والی مختصر مدتی و طویل مدتی سرمایہ کاری پر شرح سود میں اضافہ کا فیصلہ کیاہے اور مرکزی وزارت فینانس کی جانب سے کئے گئے اس اعلان کے بعد کہا جار ہاہے کہ مرکزی حکومت کی نظریں اب ایل آئی سی ‘ ایس بی آئی اور پی ایف کے بعد چھوٹے سرمایہ کاروں کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری پر ہے اور حکومت عوام کی جیب میں محفوظ دولت کی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اڈانی کمپنیوں کی دھاندلیوں اور گوتم اڈانی کی کمپنیوں کو بچانے کی کوشش کے حکومت پر الزامات کے دوران یہ بات بھی منظر عام پر آئی ہے کہ ملک بھر میں ملازمین کی جانب سے جمع کئے جانے والے پراویڈنٹ فنڈ کو مرکزی حکومت کی ہدایت کے بعد اڈانی کی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ای پی ایف کے عہدیداروں نے مرکزی حکومت کے ان احکامات کے متعلق انکار تو نہیں کر رہے ہیں لیکن اس بات کی تصدیق بھی نہیں کر رہے ہیں بلکہ یہ کہا جا رہاہے کہ ای پی ایف کی جانب سے راست کسی کمپنی میں سرمایہ کاری نہیں کی جاتی بلکہ ایجنسی کے ذریعہ کی جانے والی اس سرمایہ کاری کے سلسلہ میں ماہرین کی رائے طلب کی جاتی ہے اور اس کے بعد ہی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔ ملک کی معاشی حالت کے متعلق پیدا شدہ ابتر صورتحال کے متعلق بیشتر تمام گوشوں سے اس بات کی توثیق کی جا رہی ہے کہ ملک کی معاشی حالت اس قدر مستحکم نہیں ہے لیکن معیشت انحطاط کا شکا ربھی نہیں ہے اور ایسے دور میں مرکزی وزارت فینانس کی جانب سے ملک میں چھوٹے سرمایہ کاروں کے لئے شرح سود کی رقم میں اضافہ کے اقدامات حکومت کے عمل کو مشتبہ بنا رہے ہیں جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے بینکوں کے قرض نادہندگان کی جانب سے پہنچائے جانے والے نقصان کی پابجائی اور بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کے لئے مختلف قرضہ جات کی اقساط میں اضافہ کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بینکوں کے علاوہ خانگی کمپنیوں کو قرضہ جات کی اقساط میں تبدیلی کے لئے ریپو ریٹ میں تبدیلی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان حالات کے دوران چھوٹے سرمایہ کاروں کے لئے شرح سود میں اضافہ کے اقدامات کئے گئے ہیں ۔حکومت کے اس اقدام کو مختلف گوشوں کی جانب سے مشتبہ قرار دیتے ہوئے اسے چھوٹے سرمایہ کاروں کی دولت کو بھی حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔م