مرکزی زرعی بلز کے خلاف 2 اکتوبرکو ریاست گیر احتجاج کا اعلان

,

   

مانکیم ٹیگور سنگا ریڈی میں قیادت کریں گے، احتجاج کامیاب بنانے اتم کمار ریڈی کی اپیل
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کانگریس قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ 2 اکتوبر کو مرکز اور ریاست کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف ریاست گیر احتجاج میں حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے مخالف کسان زرعی بلز کو منظوری دیتے ہوئے کسانوں کے مفادات نظر انداز کردیئے ہیں۔ تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت کسانوں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی۔ لہذا حیدرآباد اور تمام اضلاع کے علاوہ اسمبلی حلقہ جات اور منڈل ہیڈکوارٹرس پر احتجاج منظم کیا جائے گا۔ تمام ارکان پارلیمنٹ و اسمبلی کے علاوہ سابق وزراء اور سابق ارکان اسمبلی پروگرام میں شرکت کریں گے ۔ کانگریس پارٹی نے احتجاجی پروگراموں کے انچارج کے طور پر سینئر قائدین کا انتخاب کیا ہے۔ تلنگانہ کے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور ایم پی سنگا ریڈی میں احتجاج کی قیادت کریں گے ۔ تلنگانہ میں پارٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد مانکیم ٹیگور دوسری مرتبہ احتجاج میں شرکت کررہے ہیں۔ دو دن قبل انہوں نے راج بھون کے قریب دیگر قائدین کے ساتھ گرفتاری پیش کی تھی۔ وہ ہر ضلع کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ مانکیم ٹیگور سنگا ریڈی نے زرعی بل کے خلاف احتجاج کی قیادت کریں گے ۔ اس موقع پر کسانوں سے مرکزی بلز کے خلاف دستخطی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ کانگریس نے 2 اکتوبر تا 31 اکتوبر تک دستخطی مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ 14 نومبر کو کسانوں کی تقریباً دو کروڑ درخواستوں کے ساتھ یادداشت صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کو پیش کی جائے گی۔ احتجاج میں تمام قائدین کی شرکت کو یقینی بنانے کیلئے اتم کمار ریڈی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے طاقت کی بنیاد پر غیر دستوری قانون سازی کی ہے۔ راجیہ سبھا میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود بل کو منظوری دی گئی۔ زرعی قوانین کے خلاف ملک بھر میں کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچانے کیلئے کسانوں سے ناانصافی کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ مانکیم ٹیگورکی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت کی ناکامیوں کے خلاف ایجی ٹیشن کا آغاز کیا جائے گا۔