مرکزی ملازمین کے مہنگائی الاؤنسمیں 3 فیصد اضافہ کا اعلان

   

نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے چہارشنبہ 16 اکتوبرکو مرکزی حکومت کے ملازمین کیلئے مہنگائی الاؤنس میں 3فیصد اضافہ کو منظوری دے دی ہے جس سے اس سال دیپاولی کے تہوار سے پہلے 1 کروڑ سے زیادہ ملازمین اور پنشنرز کو فائدہ پہنچے گا۔یکم جولائی 2024 سے لاگو ہونے والا DA اب بنیادی تنخواہ کا53 فیصد تک ہوجاتا ہے۔ دھنتیرس اور دیوالی کے تہوار سے پہلے ہی مودی حکومت نے ملک کے لاکھوں ملازمین کو تحفہ دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں مرکزی کابینہ نے آج ڈی اے جاری کرنے کے فیصلے کو منظوری دیدی۔ ویسے تو مرکزی کابینہ نے مرکزی ملازمین کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے لیکن جیسے ہی مرکز سے گرین سگنل ملے گا ملک کی تمام ریاستوں میں بھی ڈی اے میں اضافہ کا اعلان کردیا جائے گا۔
ڈی اے میں 3 فیصد اضافے کے ساتھ مرکزی کابینہ نے ملازمین کو تین مہینے کا بقایا بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ مرکزی حکومت ہر سال جنوری اور جولائی میں ملازمین کے مہنگائی بھتہ میں اضافہ کرتی ہے۔ اس سال یعنی 2024 میں بھی جنوری میں ڈی اے میں 4 فیصد اضافہ کیا گیا تھا جبکہ جولائی کے ڈی اے میں اضافے کا فیصلہ آج ہونے والی میٹنگ میں کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ مہنگائی بھتہ میں یہ 3 فیصد اضافہ جولائی سے ہی لاگو سمجھا جائے گا۔ اگر اس نقطہ نظر سے دیکھا جائے تو جولائی، اگست اور ستمبر کے مہینوں کے بقایاجات بھی ملازمین کو دئے جائیں گے۔