مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے ضلع کاماریڈی کے 3 ہوم گارڈس کو اعزازات

   

کاماریڈی۔17 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلع کاماریڈی کے پولیس محکمہ کو ایک تاریخی اعزاز حاصل ہوا ہے جہاں سے پہلی مرتبہ2 ہوم گارڈس کو مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے باوقار ”اُتکرِشت سیوا پَتَک” (عمدہ خدمات تمغہ) اور ایک ہوم گارڈ کو ”اَتی اُتکرِشت سیوا پَتَک” (انتہائی عمدہ خدمات تمغہ) کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ہوم گارڈ مسٹر ایس ماروتی (پٹلّم بلو کورٹ) نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ایک خاتون کو جو تالاب میں کود کر خودکشی کرنے کی کوشش کر رہی تھی بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچایا۔ اسی طرح مسٹر وسانتھ (کاماریڈی) نے ریلوے ٹریک پر خودکشی کی کوشش کرنے والی خاتون کو لمحہ بھر کے اندر بچا کر انسانی ہمدردی کی مثال قائم کی۔ ان دونوں ہوم گارڈز کو مرکزی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ”اُتکرِشت سیوا پَتَک”کے لیے منتخب کیا گیا۔اسی دوران پولیس محکمہ میں گزشتہ 31 برسوں سے نیک نامی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہوم گارڈ مسٹر ڈی ملیکارجن (اسپیشل برانچ) کو ان کی طویل، باوقار اور بے داغ خدمات کے اعتراف میں ”اَتی اُتکرِشت سیوا پَتَک” کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔