کریم نگر تا حسن پرتی نئی ریلوے لائن اور اوپل ریلوے اسٹیشن کو اَپ گریڈ کرنے کی نمائندگی، کریم نگر تا ورنگل تجارتی راہداری کی سفارش
حیدرآباد۔/10 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی مملکتی وزیر داخلہ بنڈی سنجے کمار نے مرکزی وزیر ریلویز اشونی ویشنو سے تلنگانہ کے مختلف ریلوے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کیلئے نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے کریم نگر تا حسن پرتی نئی ریلوے لائن منظوری دینے کی اپیل کی اور اپل ریلوے اسٹیشن کو اَپ گریڈ کرنے کیلئے اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے جمی کنٹہ میں دکھشن اکسپریس کے توقف کی ہدایت دینے کی اپیل کی۔ وزیر ریلویز اشونی ویشنو کو مکتوب میں بنڈی سنجے کمار نے کہا کہ کریم نگر کا حسن پرتی نئی ریلوے لائن پراجکٹ کے بارے میں تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار ہوچکی ہے اور وزارت ریلویز کو تعمیری کاموں کے آغاز کی اجازت دینی چاہیئے۔ بنڈی سنجے کمار نے وزیر ریلویز سے ملاقات کرتے ہوئے کریم نگر سے حسن پرتی تک نئی ریلوے لائن کی ضرورت سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر تا حسن پرتی 61.8 کلو میٹر تک نئی ریلوے لائن کیلئے 1415 کروڑ کے اخراجات ہوں گے۔ تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کرلی گئی ہے اور یہ معاملہ ریلوے بورڈ میں زیر التواء ہے۔ انہوں نے ریلوے بورڈ سے پراجکٹ کی عاجلانہ منظوری کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ نئی ریلوے لائن کی تعمیر سے کریم نگر پارلیمانی حلقہ کے عوام کو کافی فائدہ ہوگا۔ کریم نگر اور ورنگل کے درمیان تجارتی ضابطہ کے استحکام میں ریلوے لائن اہم رول ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر پارلیمانی حلقہ کے حدود میں واقع اپل ریلوے اسٹیشن کو اَپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپل اسٹیشن کے اَپ گریڈ کرنے سے مسافرین کی سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔ پلیٹ فارم کی ترقی کے علاوہ ریلوے اسٹیشن میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں۔ بنڈی سنجے کمار نے پارکنگ کی سہولت کے علاوہ سولار پاور پلانٹ، ٹکٹنگ کاونٹر، لگیج سنٹر اور دیگر سہولتوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ دکھشن اکسپریس کو جمی کنٹہ ریلوے اسٹیشن پر توقف کی ہدایت دی جائے تاکہ مقامی عوام کو سہولت ہو۔1