مرکزی وزیر پیوش گوئل نے ڈی سرینواس کی عیادت کی

   

حیدرآباد۔ 19 فروری (سیاست نیوز) مرکزی وزیر ریلویز پیوش گوئل نے آج حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں رکن راجیہ سبھا اور سینئر سیاستداں ڈی سرینواس کی عیادت کی۔ گردے سے متعلق عوارض کے نتیجہ میں ڈی سرینواس ان دنوں ایشین انسٹیٹیوٹ آف نیفرالوجی میں آپریشن کے بعد زیر علاج ہیں۔ پیوش گوئل نے ہاسپٹل پہنچ کر ڈی سرینواس کی عیادت کی اور ڈاکٹرس سے صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ ان کے ہمراہ ڈی سرینواس کے فرزند اور نظام آباد کے رکن پارلیمنٹ ڈی اروند، کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ بی سنجے اور دیگر بی جے پی قائدین موجود تھے۔ ڈی اروند نے ٹوئٹر کے ذریعہ پیوش گوئل کی جانب سے والد کی عیادت کی اطلاع دی۔ واضح رہے کہ ٹی آر ایس سے راجیہ سبھا کے رکن بننے کے بعد پارٹی صدر سے ناراضگی کے نتیجہ میں ڈی سرینواس سیاسی سرگرمیوں سے دور ہوچکے ہیں۔ ٹی آر ایس کے اجلاسوں میں انہیں مدعو نہیں کیا جارہا ہے۔