ٹی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ صدور نشین عہدوں سے محروم
حیدرآباد۔ 7۔اکٹوبر(سیاست نیوز) مرکزی پارلیمانی کمیٹیوں میں کی جانے والی ترمیمات اور تبدیلیوں کے دوران تلنگانہ راشٹر سمیتی کو حاصل پارلیمانی کمیٹی کے صدورنشین کے عہدوں سے محروم ہونا پڑا ہے۔تلنگانہ راشٹر سمیتی رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشور اؤ جو کہ پارلیمانی انڈسٹریل کمیٹی کے صدرنشین تھے انہیں ہٹاکر ان کی جگہ ڈی ایم کے قائد تروچی سیوا کو صدرنشین کمیٹی بنایا گیا ہے جبکہ ڈاکٹر کے کیشو راؤ مذکورہ کمیٹی میں رکن برقرار رہیں گے۔ اسی طرح تلنگانہ راشٹر سمیتی رکن پارلیمنٹ این ناگیشور راؤ جو پارلیمانی لائبریری کمیٹی کے صدرنشین تھے انہیں بھی تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن اس کے باوجودوہ مذکورہ کمیٹی میں رکن برقرار رہیں گے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں موجود ارکان پارلیمان کی پارٹی کے اساس پر تعداد کا جائزہ لیئے جانے کے بعد کئے جانے والے اس فیصلہ کے بعد اب وزارت داخلہ ‘ دفاع‘ خارجہ کے علاوہ فینانس کی اہم پارلیمانی کمیٹیوں پر بھارتیہ جنتا پارٹی کا قبضہ ہوچکا ہے۔ گذشتہ دنوں وزارت داخلہ کی پارلیمانی کمیٹی سے کانگریس کے صدرنشین کو تبدیل کئے جانے کے بعد اب تمام اہم کمیٹیوں کی صدارت بی جے پی کے حق میں آچکی ہے۔ تلنگانہ راشٹر سمیتی کے علاوہ کانگریس‘ سماج وادی پارٹی ‘ ترنمول کانگریس اور کانگریس نے پارلیمانی کمیٹیوں کی صدارت سے محروم ہوچکی ہیں۔ پارلیمانی کمیٹیوں کی تشکیل ایوان میں پارٹی کے ارکان کی تعداد کی مناسبت سے عمل میں لائی جاتی ہے اور تلنگانہ راشٹر سمیتی کو دو پارلیمانی کمیٹی کی صدارت حاصل تھی لیکن اب دونوں ہی صدارت سے ٹی آر ایس ارکان پارلیمان محروم ہوچکے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹیوں میں لائی گئی تبدیلیوں کے بعد کہا جار ہاہے کہ اہم کمیٹیوں پر بی جے پی کا قبضہ پارلیمانی جمہوری کارکردگی پر اثر انداز ہوگا۔م