مرکزی پولیس دستوں کا رول جانبدارانہ ‘ ترنمول کی الیکشن کمیشن سے شکایت

   

کولکاتہ ۔ ترنمول کانگریس کے ایک اعلی وفد نے یشونت سنہا کی قیادت میں آج الیکشن کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے شکایت مرکزی پولیس فورسیس کے خلاف شکایت درج کروائی اور کہا کہ انہوں نے پولنگ بوتھس پر بی جے پی کے حق میں کام کیا ہے اور ترنمول کے ساتھ جانبداری برتی ہے ۔ اس وفد میں ریاستی وزیر سبراتا مکرجی اور دوسرے بھی شامل تھے ۔ چیف الیکٹورل آفیسر عارض آفتاب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے یشونت سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ دہلی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے انتخابی عمل پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ مرکزی پولیس دستوں کا رول جانبدارانہ ہے ۔ کئی بوتھس پر تعیناتی کے دوران ان فورسیس نے بی جے پی کے حق میں کام کیا ہے ۔ ٹی ایم سی کارکنوں پر بی جے پی کی جانبس ے حملوں اور تشدد کے اوقعات بھی پیش آئے ہیں۔ پارٹی نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ آئندہ چھ مراحل کی رائے دہی میں اس طرح کے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر ممتابنرجی نے بھی کل الزام عائد کیا تھا کہ نندی گرام میں تعینات مرکزی دستوں نے بی جے پی کی مدد کی ہے اور رائے دہندوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی ہے ۔ ترنمول کانگریس کارکنوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔