مرکز سے خریف کی فصلوں کیلئے اقل ترین امدادی قیمت میں اضافہ

   

حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی کابینہ نے کل 2025-26 مارکیٹنگ سیزن کے لیے خریف کی 14 فصلوں کے لیے اقل ترین امدادی قیمتوں ( ایم ایس پی) میں اضافہ کو منظوری دی ۔ اس کا فیصلہ ، معاشی امور سے متعلق کابینی کمیٹی کے اجلاس میں جس کی صدارت وزیراعظم نریندر مودی نے کی ، کیا گیا ۔ مرکزی وزیر اشوینی وئشنو نے کہا کہ دھان کے لیے ایم ایس پی میں فی کنٹل 69 روپئے تک اضافہ کیا گیا جس سے اس کی نئی قیمت اس سیزن کے لیے 2369 روپئے ہوگئی ۔ اب اے گریڈ دھان کے لیے 2389 روپئے حاصل ہوں گے ۔ اس میں نائیگرسیڈ کے لیے سب سے زیادہ 820 روپئے فی کنٹل اضافہ کی سفارش کی گئی ۔ اس کے بعد راگی 596 روپئے ، کپاس 589 روپئے اسی طرح مکئی کی اقل ترین امدادی قیمت اب 2225 روپئے سے 2400 روپئے ہوگی ۔ تیل کے بیج میں مونگ پھلی کی ایم ایس پی 480 روپئے تک اضافہ کیا گیا ہے ۔ سن فلاور بیج میں 441 روپئے تک اور سویا بین کے لیے 436 روپئے تک اضافہ کیا گیا ۔ دالوں میں تور ( ارہر ) اور مونگ کے لیے بالترتیب 450 روپئے اور 86 روپئے فی کنٹل اضافہ کیا گیا ۔ جب کہ اڑد کے لیے 400 روپئے کا اضافہ کیا گیا ۔۔