مرکز میں بی آر ایس کی تائید کے بغیر کوئی حکومت نہیں بنے گی

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ میں تیسری بار اقتدار کا حصول یقینی ۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ کا خطاب

حیدرآباد۔12۔اگسٹ(سیاست نیوز) مرکز میں بی آر ایس کی مدد کے بغیر کسی کوئی اتحاد حکومت کی تشکیل نہیں کر پائے گا۔ مرکز میں آئندہ حکومت کسی ایک جماعت کی نہیں ہوگی جبکہ تلنگانہ میں بی آر ایس کو تیسری بار اقتدار حاصل کرنے سے کوئی روک نہیں سکتا۔ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے یادادری بھونگیرمیں پوچم پلی ہینڈلوم پارک کے سنگ بنیاد کے موقع پر یہ بات کہی ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کو تیسری مرتبہ اقتدار حاصل ہوگا لیکن مرکز میں بغیر بی آر ایس کی مدد حاصل کئے کوئی بھی اتحاد حکومت تشکیل نہیں دے پائیگا ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کی ترقی اور سماج کے تمام طبقات کو مساوی مواقع فراہم کرنے برسراقتدار جماعت نے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے اور ان پر عمل آوری کی جا رہی ہے۔انہوں نے دستکاری پارچہ جات اور بنکروں کے قرض کی معافی کے سلسلہ میں کہا کہ اس مسئلہ کو چیف منسٹر چند رشیکھر راؤ کے سامنے پیش کیا جائیگا اور خواہش کی جائے گی کہ وہ بنکروں اور دستکاروں کے قرضہ جات کی معافی کا فیصلہ کریں ۔کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ چیف منسٹر اس پر جلد فیصلہ کرکے عوام کو خوشخبری دیں گے۔ کے ٹی آر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم وہ غلطیاں کر رہے ہیں جو غلطیاں آزاد ہند کی تاریخ میں نہیں ہوئی ۔انہوں نے دستی پارچہ جات پر 5 فیصد جی ایس ٹی پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مرکز سے متعدد مرتبہ حکومت تلنگانہ نے اس ٹیکس کی برخواستگی کیلئے نمائندگی کی لیکن اس کے کوئی نتائج برآمد نہیں ہوئے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس آئندہ انتخابات کے بعد مرکزی حکومت کی تشکیل میں کلیدی رول ادا کریگی ۔ انہو ںنے اس یقین کا اظہار کیا کہ ریاست کے عوام میں اب بھی بی آر ایس کو اقتدار حوالہ کرنے کی خواہش ہے ۔انہوں نے بتایا کہ مرکز میں جب تک بی جے پی اقتدار میں رہے گی اس وقت تک مسائل حل ہونے اور بنکروں کے علاوہ دیگر طبقات کو فائدہ کی توقع نہیں ہے اسی لئے بی آر ایس نے قومی سطح پر اپنی طاقت میں اضافہ کا فیصلہ کیا ہے ۔
کے ٹی آر نے نظام کالج میں بوائز ہاسٹل کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا
حیدرآباد 12اگست(یواین آئی) وزیربلدی نظم ونسق کے ٹی آر نے نظام کالج میں 18.75 کروڑ روپئے سے تعمیر بوائز ہاسٹل کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی اس موقع پر موجود تھیں۔ اپنے خطاب میں کے ٹی آر نے اس کالج سے اپنے شخصی تعلق کو اجاگر کیا۔انہوں نے 1993 تا 1996 خود کے دورکو یاد کیا۔انہوں نے کہاکہ انہیں نظام کالج میں تعلیم حاصل کرنے پر فخر ہے ۔انہوں نے ریاستی یونیورسٹیوں میں چوتھارینک حاصل کرنے پر عثمانیہ یونیورسٹی کے کارنامہ کی ستائش کی۔انہوں نے چیف منسٹر کے سی آر کی رہنمائی کو اجاگر کرکے یونیورسٹی کی ترقی کیلئے حکومت کے عہد کو بھی یاد دلایا۔انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی کیلئے موثر اقدامات پر وائس چانسلر رویندرکی بھی ستائش کی ۔ انہوں نے یونیورسٹی کی ترقی کیلئے سابق طلبا کی خدمات کے قدم کی بھی ستائش کی۔ساتھ ہی انہوں نے تلنگانہ ٹی سیاٹ کے ذریعہ اشتراک سے عثمانیہ ٹی وی کے قیام کا بھی خیرمقدم کیا تاکہ ٹکنالوجی پرمبنی تعلیم دی جاسکے ۔