منتخب حکومتوں کو مرکز کی جانب سے غیر مستحکم کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کے زوال کا آغاز ہوچکا ہے۔ کھمم میں بی آر ایس کی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی خود مرکز میں اپنے اقتدار کے باقی دن گن رہی ہے۔ بی جے پی نے کل کہا تھا کہ اقتدار کیلئے 400 دن باقی ہیں۔ اکھلیش یادو نے کہا جنہوں نے اپنے اقتدار کے دن گننے شروع کئے ہیں انہیں یہ جان لینا چاہیئے کہ اب صرف 399 دن باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت سوال کرنے والے قائدین کو طرح طرح سے ہراساں کررہی ہے۔ آئندہ انتخابات میں بی جے پی کی اقتدار سے بیدخلی یقینی ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی منتخب حکومتوں کو مرکز کی جانب سے غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہوچکا ہے۔ کسانوں کو امدادی قیمت نہیں مل رہی ہے اور خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوچکا ہے۔ گنگا کی صفائی کا وعدہ کرکے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے تلنگانہ میں ہر گھر پانی کی سربراہی اور زرعی اراضیات کو سیراب کرنے کی اسکیمات کی ستائش کی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی کو اقتدار سے بیدخل کرنے کیلئے متحد ہوجائیں۔ کھمم کے تاریخی جلسہ سے ملک کیلئے بہتر پیام دیا جارہا ہے۔ر