ریونت ریڈی کا اوپل میں دھرنا ہوگا ، بائیں بازو، تلگودیشم اور دیگر جماعتیں بند میں حصہ لیں گی
حیدرآباد۔/26 ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکز اور ریاستی حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے کل 27 ستمبر کو بھارت بند کی اپیل کی ہے۔ قومی سطح پر کانگریس اور دیگر 19 جماعتوں نے بند کی اپیل کی اور کسان تنظیموں نے تائید کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس اور دیگر اپوزیشن نے اسمبلی حلقہ جات کی سطح پر اجلاس منعقد کرکے بند کو کامیاب بنانے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ کانگریس کے علاوہ سی پی آئی، سی پی ایم ، تلگودیشم، سی پی آئی ایم ایل، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیمو کریسی، تلنگانہ جنا سمیتی اور بائیں بازو کی ٹریڈ یونین تنظیموں نے بند میں حصہ لینے کا اعلان کیا ۔ کانگریس طلباء تنظیم این ایس یو آئی نے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ اپوزیشن قائدین اپنے اسمبلی حلقہ جات میں صبح سے بند میں حصہ لیں گے اور قومی شاہراہوں پر دھرنا منظم کیا جائیگا۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عوام سے بند میں حصہ لینے کی اپیل کی اور کہا کہ یہ بند سیاسی مقصد براری کیلئے نہیں بلکہ عوامی مسائل کیلئے ہے۔ ریونت ریڈی بھارت بند میں ورنگل قومی شاہراہ پر صبح 9 بجے اوپل بس ڈپو کے روبرو دھرنا پروگرام میں شرکت کریں گے۔ پارٹی کے نائب صدر ملوروی اور ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ نے بھی عوام سے بند میں حصہ لینے اپیل کی۔ سی پی آئی ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی، سی پی ایم سکریٹری ٹی ویرا بھدرم، ٹی جے ایس سربراہ پروفیسر کودنڈا رام اور تلنگانہ تلگودیشم صدر بی نرسمہلو مختلف مقامات پر احتجاج میں حصہ لیں گے۔ر