کانگریس اور 7 اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس، 22 ستمبر کو مہادھرنا اور 27 ستمبر کو بند کا اعلان، 400 کیلو میٹر پر راستہ روکو احتجاج
حیدرآباد ۔ 19 ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس، بائیں بازو اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے مرکز کی بی جے پی اور تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومتوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مشترکہ ایجی ٹیشن کا فیصلہ کیا ہے۔ کانگریس ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی صدارت میں اپوزیشن قائدین کا اجلاس منعقد ہوا۔ بی جے پی کو چھوڑ کر دیگر ہم خیال اپوزیشن جماعتوں کو مدعو کیا گیا تھا۔ جملہ 7 جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مختلف احتجاجی پروگراموں کو قطعیت دی گئی۔ کسانوں کے مسائل پر 22 ستمبر کو دھرنا چوک اندرا پارک پر مہادھرنا منظم کیا جائے گا جس میں تمام اضلاع سے کسانوں کے نمائندے شرکت کریں گے۔ قومی سطح پر کانگریس اور دیگر 19 اپوزیشن جماعتوں کی اپیل پر بھارت بند منایا جائے گا جس کے تحت تلنگانہ میں بھی بند کامیاب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شہر اور اطراف قومی شاہراہوں پر اہم اپوزیشن قائدین دھرنے کی قیادت کریں گے۔ 30 ستمبر کو تلنگانہ کے تمام ضلع کلکٹریٹس کے روبرو دھرنا منظم کرتے ہوئے کلکٹرس کو یادداشت پیش کی جائے گی۔ 5 اکتوبر کو عادل آباد سے اشواراؤ پیٹ 400 کیلو میٹر راستہ روکو احتجاج منظم کرکے جنگلاتی اراضی کے جبراً حاصل کرنے کی مخالفت کی جائے گی۔ کانگریس اور دیگر اپوزیشن نے تلنگانہ میں عوامی مسائل کے حل کیلئے مشترکہ جدوجہد سے اتفاق کیا ہے ۔ ریونت ریڈی نے اپوزیشن کو ایک پلیٹ فارم پر لانے میں کامیابی حاصل کی جس کے نتیجہ میں اپوزیشن اتحاد کی راہ ہموار ہوگی۔ اجلاس میں سی پی آئی سکریٹری جاڈا وینکٹ ریڈی، این بالا ملیش کا سی پی ایم سکریٹری ٹی ویرا بھدرم، تلنگانہ جنا سمیتی کے صدر پروفیسر کودنڈا رام، پروفیسر ویشویشور راؤ، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی سکریٹری گووردھن، پی رنگا راؤ، نرسمہا راؤ، کے رامو، سی پی آئی ایم ایل لبریشن سکریٹری راجیش، تلنگانہ انٹی پارٹی صدر سی ایچ سدھاکر، پی ڈی ایس یو سکریٹری رامو کے علاوہ مدھو یاشکی گوڑ، ڈاکٹر ملو روی، ایم کوونڈا ریڈی، انویش ریڈی، ایم نریندر ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ مودی اور کے سی آر حکومتوں کے زوال کیلئے ملک گیر سطح پر اپوزیشن متحد ہے۔ ہر پارلیمانی حلقہ کی سطح پر اجلاس منعقد کرکے 27 ستمبر کے بھارت بند کی کامیابی کی حکمت عملی تیار کی جائیگی۔ ہر اسمبلی حلقہ میں قائدین، کارکن عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکل کر بند میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس خفیہ مفاہمت کے ذریعہ اپنے مفادات کی تکمیل کرکے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ دلی میں دوستی گلی میں کشتی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ انہوںنے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے صرف کے سی آر خاندان کو فائدہ ہوا ہے۔ حکومت کی بے قاعدگیوں کو بے نقاب کیا جائے گا۔ ٹی ویرا بھدرم نے کہا کہ جنگلاتی اراضی پر حقوق سے قبائیلی عوام کو محروم کرنے کی کوششوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ مودی اور کے سی آر حکومتوں کے خلاف جدوجہد میں سی پی آئی سرگرمی سے حصہ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں عوام کے مفادات کے خلاف کام کررہی ہیں۔ پروفیسر کودنڈا رام نے احتجاجی پروگراموں اور بھارت بند کامیاب بنانے عوام سے اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو مودی حکومت اور تلنگانہ کو کے سی آر حکومت سے نجات ضروری ہے۔ دونوں حکومتوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا ۔ کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں نے بہتر تال میل کے ذریعہ عوامی مسائل پر جدوجہد کا فیصلہ کیا۔ R