کولکاتا ۔ 4 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہاکہ کولکاتا پولیس سربراہ سے چٹ فنڈ اسکام کے کیسوں میں پوچھ تاچھ کے لئے سی بی آئی کی کوشش کے خلاف اُن کا دھرنا آنے والے سرکاری امتحانات کے تناظر میں جمعہ تک جاری رہے گا ۔ ممتا بنرجی شہر کے قلبی علاقہ اسپلانیڈ ایریا کے میٹرو چینل میں دھرنے پر بیٹھی ہیں جو وہی مقام ہیں جہاں وہ 2006 ء میں ٹاٹا موٹرس فیکٹری کیلئے سنگور میں زرعی اراضی کی حصولیابی کے خلاف 26 روز تک بھوک ہڑتال پر بیٹھی تھیں۔ انھوں نے اپنے دھرنا کو سی بی آئی اور مرکز کے خلاف ’’ستیہ گرہ ‘‘ قرار دیا ہے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ مرکز اور اُس کے تحقیقاتی ادارے بنگال میں ’’بغاوت ‘‘ پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہاکہ یہ مظاہرہ 8 فبروری تک جاری رہے گا کیونکہ سرکاری امتحانات عنقریب شروع ہوں گے اور ہم لاؤڈ اسپیکرس کا استعمال نہیں کریں گے ۔ قبل ازیں دن میں ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ اُن کی ستیہ گرہ ملک اور اُس کے دستور کو بچانے تک جاری رہے گی ۔ اس دوران ملک کے طول و عرض سے اپوزیشن پارٹیوں کی تائید و حمایت ترنمول کانگریس سربراہ کو حاصل ہورہی ہے اور بعض قائدین اظہارِ یگانگت کے لئے مغربی بنگال کے دارالحکومت پہونچ چکے ہیں۔ آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور ڈی ایم کے کی رکن پارلیمنٹ کنیموڑی آج شام دیر گئے کولکاتا پہونچی اور ممتا بنرجی سے دونوں نے ملاقات کی ۔