مرکز کی بالا کوٹ جیسے مزید حملوں کی تیاری : محبوبہ مفتی

   

سرینگر 15 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام )پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے آج بی جے پی پر قومی سلامتی کے نام پر ڈر کا ماحول پیدا کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے ایک اور مرتبہ بالا کوٹ جیسے حملوں کی تیاری کر رہی ہے ۔ محبوبہ مفتی نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے ایسا لگتا ہے کہ ہمارے جوانوں کی قربانیوں کے استحصال اور سماج میں نفرت پیدا کرنے سے بی جے پی کو زیادہ مدد نہیں ملی ہے اور اب بی جے پی قومی سلامتی کے نام پر ڈر کا ماحول پیدا کر رہی ہے تاکہ ایک اور مرتبہ بالا کوٹ جیسے حملے کرنے کی تیاری ہوسکے ۔ ایک اور ٹوئیٹ میں سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر نے کہا کہ کشمیر کشمیری عوام کا ہے اور کسی اور کا ورثہ نہیں ہے ۔ انہوں نے مودی اور حکومت پر نفرت کی اور ڈر کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ڈر کی سیاست کے ذریعہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے ۔