مرکز کی بی جے پی حکومت پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام

   

سی پی آئی کے انتخابی منشور کی اجرائی ، قومی جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔29مارچ(سیاست نیوز)قومی جنرل سکریٹری کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( سی پی آئی) سدھاکر ریڈی نے نریندر مودی کی زیر قیادت مرکز کی بی جے پی حکومت پر انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ قومی سلامتی اور فوج کے سہارے مودی او ران کی ٹیم ملک میں دوبارہ اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہو ںنے مزیدکہاکہ جوانوں کی شہادت سے لے کر سائنس دانوں کے کارناموں کو بھی اپنی کامیابی کے طور پر پیش کرنے میں مودی کو ہچکچاہٹ تک محسوس نہیںہورہی ہے۔ سدھاکر ریڈی نے بی جے پی کو بے شرمی کا لبادہ اوڑھی ہوئی سیاسی پارٹی قراردیتے ہوئے کہاکہ پچھلے ساڑھے چار سالوں میں آر ایس ایس کے ساتھ مل کر تقسیم کے ایجنڈے پر کام کرنے کے بعد اب دوبارہ قوم پرستی کے کھوکھلے دعوئوں کے ساتھ عوام کے درمیان پیش ہورہے ہیں جبکہ اقلیتی اور پسماندہ طبقات ساڑھے چار سالوں میںسب سے زیادہ پریشان رہے ہیں۔ آج یہاں پر پارٹی ہیڈکوارٹر مخدوم بھون میںکمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے انتخابی منشور کی اجرائی کے ضمن میںمنعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہاکہ مودی کے ساڑھے چار سالہ دور اقتدار جس کی باگ ڈور آر ایس ایس کے ہاتھوں میںتھی کے دوران تعلیمی اور دستوری اداروں کو منظم انداز میںنشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مثال کے طور پر جواہرلال نہرو یونیورسٹی‘ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی‘ بنارس ہندو یونیورسٹی‘ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے بشمول آر بی آئی ‘ سی بی آئی اوردیگر دستوری اداروں کے ساتھ کی گئی چھیڑ چھاڑ کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان کے جمہوری اور دستوری ڈھانچے کو تباہ کرنے کی پچھلے ساڑھے چار سالوں میں منظم طریقے سے کوششیں کی گئی ہیں۔ سدھاکر ریڈی نے کہاکہ سی پی ائی کے انتخابی منشور میں جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن اور راجندر سنگھ سچر کمیٹی کی سفارشات کو روبعمل لانے پر بھی زوردیا ہے۔ سوامی ناتھ کمیشن کی سفارشات کے علاوہ کسانوں کو بڑے پیمانے پر راحت کے لئے ربیع او رخریف کے موسم میں قرضہ جات کی فراہمی اور ایک وقت میں کسانوں کی قرضہ جات کی معافی کو یقینی بنانے کاکام کیاجائے گا۔ قومی صدر تنظیم انصاف او رسابق رکن پارلیمنٹ راجیہ سبھا سید عزیز پاشاہ نے کہاکہ مرکز سے بی جے پی او رریاست تلنگانہ سے ٹی آر ایس کے خلاف عوام اس مرتبہ کھل کر ووٹ دے گی۔ سی پی ائی اسٹیٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے حالیہ قانون ساز کونسل انتخابات میں ٹی آر ایس کی بڑے پیمانے پر ہار اور کانگریس امیدوار جیون ریڈی کی بھاری اکثریت سے کامیابی عوامی سونچ کی طرف ایک اشارہ ہے۔