مرکز کی جانب سے تلنگانہ کو حاصل ہونے والی گرانٹ خطرہ میں، فورم فار گڈ گورننس کا گورنر کو مکتوب

   

حیدرآباد۔13اپریل(سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی جانب سے مارچ 2024 کے بعد ان ریاستوں کو دیہی علاقوں کی ترقی اور ادارہ جات مقامی کے لئے جاری کی جانے والی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی جن ریاستوں میں ریاستی فینانس کمیشن موجود نہیں ہے۔ تلنگانہ کو حاصل ہونے والی گرانٹ بھی اس لحاظ سے خطرہ میں ہے کیونکہ ریاستی حکومت کو ریاستی فینانس کمیشن کی تشکیل میں کوئی دلچسپی نہیں ہے جس کے نتیجہ میں ریاستی فینانس کمیشن کے صدرنشین اور ارکان کے عہدے مخلوعہ ہیں۔ فورم فار گڈ گورننس نے گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تمیلی سائی سوندرا راجن کو روانہ کردہ مکتوب میں ان سے خواہش کی کہ وہ ریاست میں دوسرے ریاستی فینانس کمیشن کی تشکیل کے سلسلہ میں اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ مرکزی حکومت کی گرانٹ سے محروم ہونے سے ریاست کو بچایا جاسکے۔ فورم کی جانب سے روانہ کردہ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ سال 2020 میں پہلے ریاستی فینانس کمیشن کی معیاد مکمل ہوئی تھی اور صدرنشین و ارکان نے دفتری سرگرمیوں سے قطع تعلق کرلیا تھا اور اس کے بعد سے ریاست میں فینانس کمیشن کی تشکیل کے سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی جس کی وجہ سے یہ خدشہ پیدا ہونے لگا ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست کو دی جانے والی گرانٹ جاری نہیں کی جائے گی جس کے سبب تلنگانہ کو نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔ بتایاجاتاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ موقف اور پہلے ریاستی فینانس کمیشن کی رپورٹ ایوان میں پیش نہ کئے جانے اور اس کی سفارشات پر عمل آوری کے سلسلہ میں اختیار کردہ لاپرواہی کا رویہ افسوسناک ہے۔فورم فار گڈ گورننس کے ذمہ داروں نے گورنر تلنگانہ کو روانہ کردہ مکتوب میں اس بات کی خواہش کی وہ ریاستی فینانس کمیشن کی تشکیل کے معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے ریاست کو مرکزی گرانٹ کی محرومی سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے جائیں اور پہلے ریاستی فینانس کمیشن کی سفارشات پر عمل آوری کے لئے اسے ایوان اسمبلی میں پیش کیا جائے کیونکہ مرکزی حکومت کی جانب سے فروری 2020میں پارلیمنٹ میں 15ویں فینانس کمیشن کی رپورٹ کی پیشکشی کے ساتھ کئے گئے اعلان کے مطابق جن ریاستوں میں ریاستی فینانس کمیشن موجود نہیں ہوگا ان ریاستوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے گرانٹ کے حصول کے لئے لازمی ہوگا کہ وہ ریاستی فینانس کمیشن کی تشکیل اور اس کی رپورٹ پر عمل آوری و سفارشات کے حصول کے مطابق اقدامات کرے۔م