مرکز کی مہم کیخلاف ماؤنوازوں کا جمعرات کو بھارت بند

   

چھتیس گڑھ سے متصلہ تلنگانہ کے بھدرادری ،کتہ گوڑم اور دیگراضلاع میں سخت سیکورٹی انتظام
حیدرآباد ۔ 28 جنوری ( پی ٹی آئی ) ماؤنوازوں کے خلاف مرکز کے ’’ آپریشن سمادھان ‘‘ پر احتجاج و برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سی پی آئی ( ماؤنواز) کی طرف سے 31 جنوری کو منائے جانے والے بند کے پیش نظر چھتیس گڑھ کی سرحد سے متصلہ ضلع بھدرادری ۔کتہ گوڑم میں سیکورٹی انتظامات میں مزید شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ریاست میں جاری گرام پنچایت انتخابات کے پیش نظر تلاشی مہم بھی چلائی جارہی ہے ۔ بائیں بازو کے انتہا پسندوں کے خلاف مرکز کی طرف سے شروع کردہ آپریشن سمادھان کے خلاف سی پی آئی ( ماؤنواز) نے 31 جنوری کو بھارت بند منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ پولیس نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہونے سے روکنے کے مقصد سے یہ سیکورٹی اقدامات کئے گئے ہیں ۔ باقاعدہ تلاشی مہم چلائی جارہی ہے ۔ علاوہ ازیں رواں پنچایت انتخابات کے پیش نظر مزید سخت اقدامات بھی کئے گئے ہیں ۔ ماؤنوازوں کے لیڈر اس ضمن میں لگائے گئے پوسٹرس کے بارے میں سوال پر بھدرادی ۔ کتہ گوڑم ڈسٹرکٹ پولیس سپرنٹنڈنٹ سنیل دت نے کہا کہ انتہا پسندی سے متاثرہ علاقوں میں ماؤنوازوں کی طرف سے دیہاتیوں کو ڈرا دھمکاکر استعمال کیا جارہا ہے ۔ انہیں عام آبادیوں میں پمفلٹس تقسیم کرنے کیلئے بھیجا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’’ ہمارے فورسیس وہاں موجود ہیں اور تحفظ فراہم کرتے ہوئے اس بات کو یقینی بنارہے ہیں کہ وہ وہاں پہنچ نہ سکیں اور ان تعمیراتی کاموں کے علاوہ انتخابی عمل کو متاثر نہ کرسکیں ۔