مرکز ہماچل پردیش کی تباہی کو قومی سانحہ قرار دے :کانگریس

   

Ferty9 Clinic

اب تک مرکز نے ہماچل کو صرف 200 کروڑ کی امداد دی جبکہ ضرورت 10,000 کروڑ روپئے کی ہے

نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ ہماچل پردیش میں موسلادھار بارش سے نظامِ زندگی درہم برہم ہوگئی ہے اس لئے اس نے مرکزی حکومت سے ہماچل پردیش میں شدید بارش سے ہونے والی تباہی کو قومی سانحہ قرار دینے اور ریاست کو 10,000 کروڑ روپے کا امدادی پیکیج دینے کی اپیل کی ہے ۔ ہماچل پردیش کے کانگریس انچارج راجیو شکلا نے چہارشنبہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بارش نے ہماچل میں ہر جگہ ایسی تباہی مچائی ہے کہ اس کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا۔ کئی بڑی شاہراہیں بارش سے زبردست متاثر ہوئی ہیں اور ان کا پتہ تک نہیں چل رہا ہے ۔ لوگوں کی معمولات زندگی درہم برہم ہوگئی ہے ، اس لیے کیدارناتھ کی تباہی اور بھج میں زلزلے کے دوران مرکز کے ذریعہ اٹھائے گئے اقدامات کی طرز پر ہماچل کو بھی ریلیف پیکج دیا جانا چاہیے ۔انہوں نے کہا، “اب تک مرکزی حکومت نے ہماچل کو صرف 200 کروڑ روپے دیے ہیں لیکن ہم 10,000کروڑ روپے مانگ رہے ہیں۔ میں ملک کے تمام لوگوں سے ہماچل کی مدد کرنے کی بھی اپیل کرتا ہوں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہماچل کی تاریخ میں آج تک اتنی خوفناک تباہی نہیں ہوئی ہے ۔ ریاست میں اب تک 330 جانیں جا چکی ہیں اور 12000 مکانات تباہ ہو چکے ہیں۔ تقریباً 13 ہزار کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ تقریباً 75,000 سیاح اور 17,000 گاڑیاں پھنسی تھیں جنہیں ہماچل حکومت نے 48 گھنٹوں کے اندر بحفاظت نکال لیا۔ ریاست کے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور ریاست کے تمام وزراء رات بھر اس آفت میں ایک ساتھ کھڑے رہے ۔انہوں نے کہا کہ قومی آفت کے تحت مکان گرنے کی صورت میں 10 ہزار روپے دینے کا التزام ہے ۔ ریاستی حکومت ایک لاکھ روپے دے رہی ہے ، اس لیے پہاڑ پر 1.25 لاکھ روپے میں گھر نہیں بنایا جا سکتا۔ اس سے کچھ نہیں ہونے والا۔ راجستھان، چھتیس گڑھ اور ہریانہ کی حکومت نے ہماچل کو مالی امداد دی ہے اور دوسری ریاستوں کو بھی اسی طرح مدد کرنی چاہیے ۔ شکلا نے کہا کہ ہماچل پردیش کے وزیر اعلی سکھویندر سنگھ سکھو نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور سڑک ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے مدد کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک کچھ نہیں ہوا ہے ، اس لیے ان سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جلد ریاست کی مدد کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو پارٹی سطح پر سیاست نہیں کرنی چاہئے بلکہ انسانی بنیادوں پر ہماچل کی مدد کی جانی چاہئے ۔