مرہٹہ تحفظات کیخلاف او بی سی کی پیر کو احتجاجی ریالی

   

ممبئی۔ 23 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) کے ارکان نے اعلان کیا ہے کہ وہ موجودہ تحفظات کو محفوظ کرنے کے لئے مہاراشٹرا اسمبلی کے پہلے دن احتجاج کریں گے۔ احتجاج منظم کرنے والوں نے کہا ہے کہ وہ مہاراشٹرا حکومت کی جانب سے او بی سی زمرہ میں مرہٹا طبقہ کو دیئے جانے والے تحفظات کی مخالفت کریں گے۔ او بی سی کے وی جے اینٹی سنگھرش سمیتی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ 25 فروری کو جنوبی ممبئی کے بائیکلہ سے آزاد میدان تک یہ احتجاجی ریالی نکالی جائے گی۔ سمیتی کے کنوینر چندرکانت باویکر نے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات کے زمرے میں شامل 250 سے زائد طبقہ کے لوگ اس ریالی میں شرکت کریں گے۔ کمیٹی کی جانب سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ ریاستی حکومت نے جو گزشتہ برس تحفظات کے زمرے میں 16 فیصد کوٹہ مرہٹوں کو دیا ہے، اسے اس زمرے سے ہٹایا جائے۔ انہوں نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ ایم ایس بی سی سی کمیشن نے جو سفارشات پیش کی ہیں، اس پر بھی عمل آوری کی جائے کیونکہ ان سفارشات میں کہا گیا ہے کہ مرہٹوں کو ایک نئے آزاد زمرے کے تحت معاشی اور تعلیمی طور پر تحفظات فراہم کئے جائیں۔ ایک سوال کے جواب میں باویکر نے کہا کہ موجودہ تحفظات کوٹہ کو متاثر نہ کیا جائے۔